اسلام آباد (این این آئی) اے این ایف نے اسلام آباد فیصل آباد اور لاہور میں 3 مختلف کارروائیوں کے دوران 17 کلوگرام چرس اور ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کرلئے جبکہ 4 ملزموں کو گرفتار اور ایک گاڑی قبضے میں لے لی۔ تفصیلات کے مطابق اے این ایف لاہور نے مرکزی موٹروے ٹول پلازہ فیصل آباد کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک کار نمبر LEE8348 کو تحویل میں لیکر خفیہ خانوں سے 12 کلو چرس برآمد کرلی اور ملزم عدنان احمد سکنہ پشاور کو موقع پر گرفتار کرلیا۔ اے این ایف لاہور نے نیازی بس اڈہ بند روڈ لاہور کے قریب ایک کارروائی کے دوران ملزم محمد جمیل سکنہ خیبر ایجنسی کو گرفتار کرکے 4.8 کلوگرام چرس برآمد کرلی۔ اے این ایف راولپنڈی ائرپورٹ ٹیم نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ اسلام آباد سے 2 مسافروں محمد اشرف اور محمد فاروق سکنہ اوکاڑہ کو ہیروئن بھرے کیپسولوں کی سمگلنگ کے شبہ پر حراست میں لیا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم محمد اشرف نے پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا اعتراف کیا۔ دونوں ملزم براستہ بنکاک گوانزو جارہے تھے۔