نیویارک (آن لائن) امریکی اخبار ورلڈ ٹریبون نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے عراقی وزیر اعظم نوری المالکی کے مخالف جنگجوؤں کی سرکوبی کے لیے بغداد سمیت ملک کے دوسرے شہروں میں پاسداران انقلاب کے 5000 فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔امریکی اخبار اپنی رپورٹ میں لکھتا ہے کہ عراق میں نوری المالکی کی حمایت اور باغیوں کے خلاف آپریشن کی براہ راست نگرانی تہران سے پاسداران انقلاب کی بیرون ملک آپریشن کی ذمہ دار ایلیٹ القدس فورس کر رہی ہے۔امریکی اخبار نے عراق کے ایک کرد ذریعے کے حوالے سے مزید بتایا کہ عراق میں وزیر اعظم نوری المالکی کی فوجی سرگرمیوں کی نگرانی بھی ایرانی پاسداران انقلاب کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے پاسداران انقلاب نے فوج کی پہلی کھیپ موصل پر باغیوں کے قبضے کے ایک ہفتے بعد بغداد روانہ کی تھی۔ خیال رہے کہ عراق میں ایرانی فوج کی موجودگی کا امریکی اخبار کا دعویٰ اس نوعیت کی پہلی خبر نہیں بلکہ اس سے قبل خود ایرانی پریس میں عراق میں مارے جانے والے فوجیوں کی تصاویر اور ان کی تدفین کی خبریں آتی رہی ہیں۔
دعویٰ