موثر اقدامات سے عوام کو ریلیف ملا‘ پرائس کنٹرول کمیٹی رمضان کے بعد بھی متحرک رہے: شہباز شریف

Jul 22, 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ  رمضان المبارک کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ، پھل اور سبزیاں سستے داموں فراہم کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملا ہے۔ رمضان بازاروں میں نہ صرف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار بلکہ وافر سپلائی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ وہ گذشتہ روز رمضان المبارک کے دوران عوام کو سستے داموں اشیائے ضروریہ کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے ویڈیو لنک کے ذریعے صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے رمضان المبارک کے دوران رمضان بازاروں میں قیمتوں اور کوالٹی کی چیکنگ کا موثر نظام بھی اپنایا گیا ہے جبکہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔ منافع کمانے کے نام پر میں کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دوں گا۔  رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کے لئے جامع میکانزم وضع کیا گیا ہے اورحکومت کسی کو بھی زائد قیمت پر اشیاء فروخت کرنے کی اجاز ت نہیں دے گی۔ معیاری اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ اور منتخب نمائندے بھی باقاعدگی سے رمضان بازاروں کے دورے کر رہے ہیں جس کے باعث عوام کو ریلیف مل رہا ہے ۔ عوام کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی خود کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ سہل پسندی کی صورت میں انتظامی افسر مجھ سے کسی رعایت کی امید نہ رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گراں فروشوں اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رکھی جائے اور اوپن مارکیٹوں میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کی مکمل مانٹیرنگ کی جائے۔ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے ہیں۔ حکومت کے بروقت اورموثر اقدامات سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد بھی صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی متحرک اور فعال کردار ادا کرے تاکہ کوئی عوام کا استحصال نہ کرسکے۔ رمضان بازاروں کے حوالے سے بہترین انتظامات کرنے والے اضلاع کے انتظامی افسروں اور عملے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائیگی اور انہیں تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں  شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے میں ہارٹیکلچر کے فرو غ کی پالیسی اپنائی ہے جس کے ذریعے پنجاب بھر میں مکمل ہونے والے انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں  ہارٹیکلچر کو فروغ دیا گیا ہے اور ہارٹیکلچر کے ذریعے ان منصوبوں کو دلکش، دیدہ زیب اور خوبصورت بنایاگیا ہے ۔وہ گذشتہ روز ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں صوبے میں ہارٹیکلچر کے فروغ سمیت گریٹر اقبال پارک کے منصوبے اور جلو پارک میں بٹر فلائی ہاؤس کے قیام سمیت دیگر سہولتوں میں اضافے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں پارکوں کو اپ گریڈکرنے کے لئے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں اوران پارکوں میں بہترین تفریحی سہولتیں یقینی بنائی جارہی ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ تفریحی سہولتیں دستیاب ہوں۔ گریٹر اقبال پارک کے قیام کا منصوبہ اور جلو پارک میں بٹر فلائی ہاؤس کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔گریٹر اقبال پارک منصوبے کی تکمیل سے شہرلاہور کی ثقافت اور تاریخی ورثہ اجاگر ہوگا،اس منصوبے کے تحت شہر کی تاریخی عمارات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا اور یہاں خوبصورت انداز سے لینڈسکیپنگ ہوگی جس سے شہر کی خوبصورتی میںمزید اضافہ ہوگا اور یہاں شہر کے لیے آنے والوں کو بین الاقوامی معیار کی تفریحی سہولتیں میسر آئیں گی۔ جلو پارک میں بٹر فلائی ہاؤس کا قیام ایک خوبصورت اضافہ ہوگاجس سے یہاں سیاحت کے لیے آنے والوں کے لئے بہترین تفریحی و سیاحتی سہولیات بڑھیں گی۔پنجاب بھر میں جہاں بھی انفراسٹرکچر کے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں وہاں ہارٹیکلچر کے ذریعے انہیں جاذب نظر بنایاگیا ہے اوریہ سلسلے آئندہ بھی جاری رہے گا۔آزادی چوک فلائی اوور اوردیگر مکمل ہونے والے انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو بھی ہارٹیکلچر کے ذریعے پُرکشش بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما شوکت کشمیری کے بھائی صوفی محمد سلیم بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں