الطاف حسین اپنی جماعت میں عسکری ونگ اور مافیا سے لاتعلقی کا اظہار کریں: شجاعت

Jul 22, 2015

گجرات(این این آئی) مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما الطاف حسین پر زور دیا ہے کہ وہ کراچی میں امن و استحکام کی خاطر اپنی جماعت میں موجود عسکری ونگ اور مافیا سے لاتعلقی کا اظہار کردیں۔نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ فوج نے عسکریت پسندی، تشدد اور فرقہ واریت کو ختم کرنے کے لیے کمر کس لی ہے جو ایک اچھی بات ہے۔انہوں نے زور دیا کہ پنجاب سے بھی فرقہ واریت کا خاتمہ کیا جائے جس کے لیے کچھ سخت اور نامقبول فیصلے بھی کرنے پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کے خلاف کرپشن کے مقدمات کے لیے سپریم کورٹ کے سینئر ججوں پر مشتمل کمشن بنایا جائے جہاں تمام افراد وکیلوں کے بجائے اپنا دفاع خود کریں اور ا سے ٹیلی ویژن پر براہ راست دکھایا جائے۔انہوںنے کہاکہ ایسی کسی کمشن کے سامنے سب سے پہلے وہ خود کو پیش کرنے کی پیشکش کرتے ہیں انہوں نے ایم کیو ایم قائد کو بھی اسی طرح کا کیس فائل کرنے کا مشورہ دیا تاکہ پارٹی پر لگے الزامات واضح ہوسکیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کے خلاف پنجاب میں انتخابی اتحاد ممکن ہے ۔

مزیدخبریں