واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکہ حکام نے اوریگن کے ایک امام مسجد کی شہریت پاکستان اور افغانستان کے انتہا پسند گروپوں سے تعلق کو خفیہ رکھنے کی بنیاد پر منسوخ کرنے کیلئے کارروائی شروع کر دی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف نے پورٹلینڈ کی عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ امام مسجد محمد شیخ عبدالرحمٰن 80 کی دہائی میں افغانستان میں روسی افواج کیخلاف لڑنے کیلئے جنگجو بھرتی کرنے کیساتھ انہیں تربیت فراہم کرواتا رہا اور چندہ بھی جمع کرتا رہا۔ تا ہم محمد شیخ عبدالرحمٰن نے 1998ء میں امیگریشن حاصل کرتے وقت اپنی درخواست میں مذکورہ تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔ سرکاری وکیل کا کہنا ہے کہ ملزم محمد شیخ عبدالرحمٰن ایک وقت میں براہ راست اسامہ بن لادن اور القاعدہ کے بانی عبداللہ اعظم سے معاملات طے کرتا رہا ہے۔ یاد رہے کہ فضائی سفر پر پابندی لگنے کے بعد حکومت کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے پر ایک سال قبل شیخ عبدالرحمٰن نے مقدمہ جیتا تھا۔