امریکہ: انتہا پسند گروپ کے فنڈ ریزر عرفان ڈیمرتاس پر دہشت گردی کے الزامات عائد

واشنگٹن (اے ایف پی) جرمنی میں گرفتاری کے بعد جمعہ کے روز امریکہ بے دخل کئے گئے مبینہ طور پر داعش کی مدد کرنے والے انتہاپسند گروپ کیلئے فنڈ ریزنگ کرنے والے عرفان ڈیمرتاس پر پیر کے روز امریکی عدالت میں دہشت گردی کے الزامات عائد کردیئے گئے ہیں۔ عرفان عرف نصراللہ پر دہشت گردی کے چار الزامات عائد کئے گئے جس میں اسے 70 سال قید کی سزا کا سامنا ہے۔ دسمبر 2011ء کے امریکی فیڈرل فردجرم جسے بعدازاں سیل کردیا گیا تھا، کے مطابق ڈیمرتاس نے ہالینڈ میں اسلامک موومنٹ آف ازبکستان کیلئے یورپی فنڈ ریزر کے طور پر کام کیا ہے۔ عرفان ڈیمرتاس کے بارے میں کہا جاتا ہے وہ افغانستان، پاکستان، فرانس، اردن اور ترکی میں اسلامک موومنٹ آف ازبکستان کیلئے بھرتیاں کرتا رہا ہے۔ ڈیمرتاس پر دہشت گردوں کو میٹریل سپورٹ کرنے، غیر ملکی دہشت گرد گروپ کو وسائل فراہم کرنے، اس تنظیم سے فوجی تربیت حاصل کرنے اور پرتشدد جرائم سے متعلق اسلحہ استعمال کرنے یا پاس رکھنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن