لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی کے دوسرے مرحلے میں اجلاس کل شروع ہوگا۔ تین رکنی کمیٹی میں شاہد علی خان، منصور خان اور ایم اخلاق شامل ہیں جنہوں نے دوسرے مرحلے میں ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان کو بلایا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ میں دانش کلیم جبکہ سلیکشن کمیٹی میں سے ایاز محمود، مصدق خان اور خالد بشیر کو کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی اصل وجوہات کے بارے میں آگاہ کریں۔پی ایچ ایف فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی نے پہلے مرحلے میں قومی ٹیم کے سات کھلاڑیوں کے بیانات قلم بند کیے تھے۔ کمیٹی کے رکن ایم اخلاق کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد کسی کو ذمہ دار ٹھہرانا نہیں ہے بلکہ ان وجوہات کی نشاندہی کرنا ہے جن کی وجہ سے قومی ٹیم کی اولمپکس کے کوالیفائنگ راونڈ میں ناقص کارکردگی رہی تاکہ مستقبل میں ایسی ناقص کارکردگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کھلاڑیوں کی جانب سے بہت سارے اعتراضات سامنے آئے ہیں جس کی رپورٹ تیار کر کے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انتظامیہ کو جمع کرائی جائے گی۔ ہمارا کسی سے کوئی اختلاف نہیں ہے ہم بلا تفریق سب کو بلا کر ایک رپورٹ تیار کرنا چاہتے ہیں جس سے قومی کھیل کا مستقبل روشن ہو سکے اور پاکستان ٹیم اپنے کھوئے ہوئے اعزازات کس طرح واپس حاصل کر سکتی ہے۔