گوجرانوالہ (نمائندہ خصو صی) گوجرانوالہ میں فیروز والا روڈ پر برف کے کارخانے میں سلنڈر دھما کے سے فیکٹری مالک کا بیٹا جاں بحق جبکہ 3 مزدور زخمی ہوگئے۔ امونیا گیس کے اخر اج سے خواتین اور بچوں سمیت 40 افراد بے ہو ش بھی ہوئے۔ فیروز والا روڈ پر واقع آئس فیکٹری کا سلنڈر پھٹنے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے پہنچ کر زخمیوں اور بیہوش افراد کو طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دراز تک سُنی گئی، دھماکے کے باعث امونیا گیس کا اخراج بھی شروع ہو گیا جس کے باعث ارد گرد کے رہائشی افراد کو سانس لینے اور آنکھوں میں چُبھن کے باعث شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ ریسکیو ٹیموں نے طویل جدوجہد کے بعد امونیا گیس کے اخراج کو بند کر دیا ہے۔