لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لندن سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ دیہات میں جنگی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپس کے ساتھ میڈیکل کیمپس بھی لگائے جائیں۔ متاثرہ لوگوں کی تکلیف میری اپنی تکلیف ہے اور متاثرہونے والے دیہات کے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی کو مزید ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ دریائوںکے اردگرد آباد لوگوں کی حفاظت کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور دریائوں کے قریبی آبادیوں سے لوگوں کا 100فیصد انخلا یقینی بنایا جائے۔جنوبی پنجاب کے متاثرہ دیہات میں اضافی بوٹس بھی بھجوائی جائیں۔ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور امدادی ادارے بڑھ چڑھ کر متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کریں۔ انہوں نے کہاکہ میں امدادی سرگرمیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کررہا ہوں اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ یہ وقت گھر یا دفتر بیٹھنے کا نہیں بلکہ متاثرہ دیہات میں بہن بھائیو ںکی مدد کا ہے لہٰذا کابینہ کمیٹی متاثرہ دیہات کے دورے کر کے ازخود صورتحال کا جائزہ لے اور امدادی سرگرمیو ںکی مانیٹرنگ کرے۔ متعلقہ محکموں میں رابطے کا فقدان ناقابل برداشت ہوگا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ترک صدر طیب اردگان سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے دہشت گردی کے واقعہ اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے عیدالفطر کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو شاباش د یتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ نے عیدالفطرکے موقع پرصوبے میں امن وامان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے بہترین انتظامات کئے اور صوبے کے عوام کے جا ن ومال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے چترال میں سیلاب کے باعث ہونیوالے جانی ومالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ کی نواحی آبادی کوٹ پنڈی داس میں دھاتی ڈور پھرنے سے کمسن بچی اور چھانگا مانگا کے قریب اوور ہیڈ برج پر کمسن بچے کے زخمی ہونے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ اور پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ نے بارش کے باعث لاہور کے بعض نشیبی علاقوںسے پانی کے فوری نکاس کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ اور متعلقہ ادارو ںکو ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے روزنامہ نوائے وقت کی کالم نگار مسرت قیوم اور کرنل عبدالقیوم کے صاحبزادے مشتاق قیوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سیلاب متاثرین کیلئے جنگی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں: شہباز شریف
Jul 22, 2015