لاہور(کامرس رپورٹر) تھائی لینڈ کے سفیر سچارٹ لینگ تھونگ نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) ریجنل آفس کا دورہ کیا،کاروباری برادری سے باہمی تجارت کے فروغ کے لئے ملاقات کی۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی ریجنل چیئرمین میاں رحمان عزیز نے کہاکہ دونوں ممالک نجی شعبہ کے روابط کو بہتر کرکے پاکستان اور تھائی لینڈ کی تجارت کے باہمی حجم کو 1بلین سے 2بلین ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔دونوں ممالک میں ویزہ پراسس آسان اور سادہ ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ تھائی لینڈ الیکٹریکل اپلائنسز، کمپیوٹر، ٹیلی ویژن، ٹیکسٹائل، گارمنٹس، فرنیچر اور پلاسٹک کے شعبوں میں بہت ترقی کر چکا ہے، ان شعبوں میں اس کا تجربہ پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔تھائی لینڈ کے سفیر سچارٹ لینگ تھونگ نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان آزادنہ تجارت کے معاہدے پر بات چیت جاری ہے، توقع ہے کہ رواں سال کے آخر تک معاہدہ پر دستخط ہو جائیںگے۔ سفیر نے کہاکہ دستاویز مکمل ہونے پر کاروباری برادری کو 5دن کے اندر ویزہ جاری کر دیا جائے گا،آزادنہ تجارت کے معاہدے کے بعد تجارت کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کے تھائی لینڈ کا ایک تجارتی وفد اگست کے شروع میں پاکستان کا دورہ کرے گا ۔
دستاویز مکمل ہونے پر تاجر کو 5 روز میں ویزا جاری کر دینگے: تھائی سفیر
Jul 22, 2016