ناکام دھرنے والوں کو ترقی عزیز ہے نہ خوشحالی‘ ہوش کے ناخن لئے جائیں: وزیراعلیٰ

Jul 22, 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی جانب سے ماڈل ٹاؤن میں میٹرک کے امتحانات میں انتہائی محدود وسائل کے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ اور ایک، ایک لاکھ روپے کے چیک دیئے۔ وزیراعلیٰ نے ان کم وسیلہ گھرانوں سے تعلق رکھنے والے پوزیشن ہولڈرز کے مستقبل کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہونہار بچے ہمارے ہیرو ہیںجنہوں نے مشکل حالات میں محنت کے ذریعے صلاحیتوں، قابلیت اور ذہانت سے امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کی ہیں جب تک یہ تعلیم حاصل کرنا چاہیں گے صوبائی حکومت پنجاب ان کے تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات، ان کے والدین، اساتذہ اور پرنسپل صاحبان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم قوم کے ان بیٹے اور بیٹیوں کی محنت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ محنت کسی کی میراث نہیں، یہ ہر ایک کا حق ہے اوراگر وہ محنت کرے تو دروازے خود بخود کھلتے جاتے ہیں، ان بچے بچیوں کو ان کے والدین نے پیٹ کاٹ کر تعلیم دلائی ہے۔ انہوں نے بھی اپنے والدین کی لاج رکھی ہے۔ پوری قوم کو ان کی کامیابی پر فخر ہے۔ یہ پاکستان کے درخشاں ستارے ہیں۔ محنت سے کام کیا جائے تو کوئی پہاڑ بھی منزل کے حصول میں حائل نہیں ہوسکتا۔ میرا ایمان ہے کہ محنت کے ذریعے معاشرے میں عزت و وقار کا مقام حاصل کیا جاسکتا ہے اور قوم کی تقدیر بھی بدلی جاسکتی ہے۔ اشرافیہ کے بچے اعلی تعلیمی اداروں میں پڑھیں جبکہ کم وسیلہ طبقات کے بچے مالی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم رہیں یہ قائد اور اقبال کا پاکستان نہیں ہوسکتا۔ وقت آگیا ہے کہ قوم کے نونہالوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے انقلابی پالیسیاں بنائی جائیں امیر اور غریب کے درمیان خلیج کم کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کیے جائیں۔ اب بھی ایسا نہ کیا گیا تو خدانخواستہ خونی انقلاب اپنا راستہ خود بنا لے گا۔ آج قوم کے ان بچوں اور بچیوں کے اعزاز میں سادہ اور پروقار تقریب منعقد کی گئی ہے، جنہوں نے مشکل حالات اور کم وسائل کے باوجود میٹرک کے امتحانات میں پوزیشنیں حاصل کیں۔ ایک طرف مہنگے تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے اشرافیہ کے بچے ہیں تو دوسری طرف قوم کے یہ درخشندہ ستارے ہیں۔ محروم معیشت طبقات کے ان بچوں کیلئے تعلیم کا حصول ناممکن تھا لیکن انہوں نے محنت کے ذریعے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز طلباء کی بھرپور حوصلہ افزائی کروں گا۔ پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات، ان کے والدین، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری سکولز، تعلیم بورڈز کے چیئرمینوں، محکمہ تعلیم کے حکام اور کالم نگاروں نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی منزل کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ بعض سیاسی عناصر پھر ترقی اور خوشحالی کا سفر روکنے کے درپے ہیں۔ ملک آگے بڑھ رہا ہے لیکن ناکام دھرنا دینے والوں کو ملک کی ترقی عزیز ہے نہ عوام کی خوشحالی۔ ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے 18 کروڑ باشعور عوام اب ان شکست خوردہ سیاسی عناصر کو ترقی و خوشحالی کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ امانت، دیانت اور محنت کے ساتھ عوام کی خدمت کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔ قومی وسائل کی پائی پائی امانت سمجھ کر دیانتداری کے ساتھ فلاح عامہ پر خرچ کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ارکان اسمبلی عوام سے قریبی رابطہ ر کھتے ہوئے ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی میں سردار امجد فاروق کھوسہ، رانا زاہد حسین، طاہر اقبال چودھری اور رکن صوبائی اسمبلی احسان الحق باجوہ شامل تھے۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ مریضوں کو جدید و معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے جذبے، محنت اور عزم کے ساتھ ملکر کام کرنا ہے۔ تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں مریضوں کومعیاری علاج معالجہ کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ ہسپتالوں میں مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں کی کمی ترجیحی بنیادوں پر پورا کریں گے۔ ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی اور خریداری کا نیا فول پروف پلان مرتب کر لیا گیا ہے ۔ الیکٹرانک میڈیسن ریکارڈ سسٹم کو جلد تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میںمتعارف کرایا جا رہا ہے ۔ معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان کو مالی و انتظامی خود مختاری دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے میںخود ہسپتالوں کے دورے کر رہا ہوں۔ وزیر اعلی پنجاب نے ان خیالات کا اظہار پنجاب ہیلتھ ریفارم پروگرام کا جائزہ لینے سے متعلق تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہصحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کے لئے انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔ ایک سال میں 25 ڈی ایچ کیو اور 15 ٹی ایچ کیو کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ وزیر اعلی نے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے حوالے سے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے تسلسل کے ساتھ مثبت اقدامات کر کے منزل کی جانب بڑھنا ہے ۔ شعبہ صحت کی بہتری کے لئے میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ طبی آلات کے چالو حالت میں رکھنے کے حوالے سے بھی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ اینستھیزیا کے ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے۔ ڈی جی ہیلتھ کے ادارے کی بھی تنظیم نو کی جائے گی۔ ڈیفڈ کے خصوصی نمائندے سرمائیکل باربر نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے شعبہ صحت کی بہتری کے لئے تیزرفتاری سے درست اقدامات کئے ہیں۔ کنٹری مینجر گاوی حامد رضا ستیش نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے ایسے اقدامات کئے ہیں جن کی دیگر صوبوں کو بھی تقلید کرنی چاہیے۔ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے شہباز شریف کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے سکولوں اور بنیادی مراکز صحت کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سے پروگرام کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ 4 ہزار سے زائد سکولوں کو آف گرڈ کرکے شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے اور پروگرام کیلئے شفاف طریقے سے بین الاقوامی معیار کی شہرت یافتہ کمپنیوں کا انتخاب کیا جائے۔

مزیدخبریں