لندن (سپورٹس ڈیسک )کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے مبینہ طور پر روسی حکومت کی سربراہی میں کھلاڑیوں کو ڈوپنگ کی ادویات فراہم کیے جانے پر روسی ایتھلیٹس کی اولمپکس میں شرکت پر پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔روس کی ایتھلیٹک فیڈریشن کو عالمی ایتھیلیٹکس فیڈریشن آئی اے اے ایف نے اس معاملے پر ایک غیر جانبدارانہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد معطل کر دیا تھا۔روسی اولمپک کمیٹی اور 68 روسی ایتھلیٹس نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی تاہم فریقین کے بیانات سننے کے بعد عدالت نے پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ دیا۔دریں اثنا عالمی اولمپک کمیٹی بھی ان مطالبات پر غور کر رہی ہے کہ روس پر پانچ اگست سے شروع ہونے والے اولمپکس کے تمام مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد کر دی جائے۔ثالثی عدالت کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ ’عدالتی پینل نے تصدیق کر دی ہے کہ روسی اولمپک کمیٹی ریو اولمپکس کے لیے اپنے ٹریک اینڈ فیلڈ کے ایتھلیٹس کو نامزد کرنے کی حقدار نہیں کیونکہ وہ آئی اے اے ایف کے مقابلوں کے قوانین کے تحت اولمپکس میں شرکت نہیں کر سکتے۔عالمی ایتھیلیٹکس فیڈریشن نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے اس کے موقف کی حمایت کی اور اس فیصلے کے نتیجے میں سب کھلاڑیوں کو برابر موقع ملے گا۔
اپیل مسترد روسی ایتھلیٹس کی اولمپکس میں شرکت پر پابندی برقرار
Jul 22, 2016