راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ)وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیف کوآرڈینٹر پنجاب سابق رکن قومی اسمبلی ملک شکیل اعوان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے باہر کھڑے ہو کر دیانتداری کے لیکچر دینے اور طوطا فال نکالنے والے شیخ رشید کے خلاف ناجائز اثاثے بنانے اور فتح جھنگ نیو ائیر پورٹ کے پاس ہزاروں کنال رقبہ ،مری ایکسپریس وے پر دس کروڑ مالیت کے گھر میں رہائش کروڑوں روپے کے بنک بیلنس اور مزید جائدادیں بنانے کا میرا مقدمہ اس سپریم کورٹ میں زیر التواءہے میری چیف جسٹسصاحب سے اپیل ہے کہ ملک و قوم کا پیسہ لُو ٹنے والوں کو بے نقاب کرنے کے لئے مقدمہ کی فوری سماعت کا حکم صادر فرمائیں ۔ ملک شکیل اعوان نے کہا کہ قوم کو سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد ہے اور اسکے تاریخی فیصلہ سے ملک آگے بڑھے گا اور ملکی ترقی روکنے کے خواہشمندوں عمران خان ، آصف زرداری ، سراج الحق اور انکے حواریوں کو مایوسی ہو گی ۔قوم عمران خان اور تحریک انصاف کے دائیں و بائیں کھڑے پیپلزپارٹی وشیخ رشید اور دوسری جماعتوں کے بھگوڑوں کے ٹھکرائے ہوئے چہروں کو بغور دیکھ رہی ہے جنکے بارے میں کل تک عمران خان اُنہیں ” چپڑاسی “ بھی نہ رکھنے کی قسمیں کھا کر اپنے آپ کو سچا ثابت کرنے کی دلیل دیتے تھے آج وہ سب پاکستان کی ترقی روکنے کے ایجنڈے پر ان سے متفق ہو چکے ہیں ۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سپریم کورٹ سے سر خرو ہو نگے
شکیل اعوان