اسلام آباد(سپیشل رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ معاشرے کی بہتری اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایسے اداروں کی ضرورت ہے جو ان طبقات کو تحفظ اور قانونی مدد فراہم کریں۔ نیشنل کمشن برائے انسانی حقوق (این سی ایچ آر) جیسے ادارے معاشرے کے اطمینان اور استحکام کے لیے ضروری ہیں۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار نیشنل کمشن برائے انسانی حقوق کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ علی نواز چوہان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر این سی ایچ آر سندھ کے ممبر انیس ہارون بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے عقائد اور ملکی آئین تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہیں۔انھوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال دنیا کے بیشتر ممالک سے بہتر ہے لیکن اس کی مزید بہتری کی لیے کوششیں جاری رہنی چاہییں۔صدر مملکت نے کہا کہ گھریلو تشد د کے واقعات کے سد باب اور اس سلسلے میں قانون سازی کی بہت ضرورت ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ گھریلو تشدد کے واقعات کو کریمنل کیس کے طور پراندراج کیا جائے۔ انسانی حقوق کمشن الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے عوام کو ان کے حقوق سے متعلق آگاہی مہیا کرے۔