بیجنگ (آ ئی این پی ) چین نے سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک اور قطر کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فریقین چین کی مدد چاہیں تو خلیج بحران کے حل کیلئے ثالثی کا تعمیری کردار ادا کرنے کو تیا رہیں،خلیجی ممالک ایک دوسرے کے اندرونی امور میں عدم مداخلت سے اپنی اپنی عالمی ذمہ داری کو پور ا کرسکتے ہیں۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے بیجنگ میں چین کے دورے پر آئے قطر کے وزیر خارجہ محمد سے ملاقات کی جس میں وانگ ای نے کہا کہ حالیہ صورت حال میں مختلف فریقوں کو تحمل کو اپناتے ہوئے بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرنا چاہیئے تاکہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک نیا اتفاق رائے کر سکیں ۔ انہوں نے کہا چین کو یقین ہے کہ خلیجی ممالک کے پاس موجودہ صورت حال کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت ہے۔ وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف فریقوں کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیئے اور سیاسی اور سفارتی طریقے سے مسائل کو حل کرنے کے مثبت اشارے کا اظہار کرنا چاہیئے ۔ قطر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امید ہے کہ بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ قطر چین کے ساتھ روابط کو برقرار رکھنا چاہتا ہے اور امید ہے کہ چین اس معاملے میں مزید مثبت کردار ادا کرے گا۔امیر قطر نے خلیجی بحران پر مذاکرات کیلئے مشروط آمادگی ظاہر کر دی۔ امیر قطر کا کہنا ہے کہ قطر کی خودمختاری کا احترام کیا جانا چاہئے۔ کویت اور دیگر ممالک کی ثالثی کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اہم مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔