طائف (ممتاز احمد بڈانی) خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریاستی سلامتی کا اعلیٰ ادارہ قائم کر دیا جو وزیراعظم کے ماتحت ہوگا اور سلامتی ریاست کے جملہ امور کا نگران ہو گا۔ شاہ سلمان نے جنرل عبدالعزیز بن محمد الہویری کو ریاستی سلامتی کے اعلیٰ ادارے کا سربراہ بنا دیا جس کو وزیر کا درجہ دیا گیا۔ وہ خفیہ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر بھی فائز رہیں گے۔ اس طرح عبداللہ عبدالکریم عبدالعزیز العینی کو ریاستی سلامتی کے ادارے کا معاون بدرجہ وزیر مقرر کر دیا گیا۔ ریاستی سلامتی کے اعلیٰ ادارے محکمہ خفیہ، سپیشل سکیورٹی فورس، شہری ہوا بازی، سپیشل ایمرجنسی فورس کو ضم کردیا گیا۔ وزیر داخلہ سیاسی و سلامتی امور کونسل کے رکن ہوں گے۔ الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کر کے اس کا سربراہ ولی عہد بنا دیا۔ سربراہ ارکان اور گورنر کی تقرری وزیراعظم کے ہاتھ میں ہوگی۔ شاہ سلمان نے بدر محمد عبدالعزیز بن عساکر کو ولی عہد کے دفتر خاص کا ڈائریکٹر برائے نجی امور بدرجہ وزیر متعین کردیا۔ مزید کئی عہدوں پر ردوبدل کیا گیا۔ دریں اثناءسعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے خصوصی فرمان کے تحت اہم شعبوں میں نئے تقرر اور تبادلے کئے گئے ہیں۔ احمد العوہلی کو شاہی گارڈ کے سربراہ کے عہدے سے ہٹا کر انکی جگہ جنرل سہیل المطیری کو شاہی گارڈ کا نیا چیف مقرر کیا گیا ہے۔