اسلام آباد (محمد نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان جمعہ کے روز مشاورتی اجلاس میں مدعو نہیں کئے گئے تھے۔ چودھری نثار اتوار 23 جولائی کو پریس کانفرنس سے خطاب کرکے اپنی پوزیشن کی وضاحت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف جمعہ کو اسلام آباد گئے لیکن انکی وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی سے ملاقات نہیں ہوئی تاہم پچھلے دو تین روز میں وفاقی وزراءشاہد خاقان عباس، خواجہ سعد رفیق، رانا تنویر حسین ان سے ملاقاتیں کرچکے ہیں۔ وزیر داخلہ چودھری نثار کی کل کی پریس کانفرنس کو غیر معمولی اہمیت کی حامل ہوگی۔ انکے وزارت داخلہ سے مستعفی ہونے کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ نوائے وقت کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ مسلم لیگ (ن) سے الگ ہوں گے اور نہ ہی وزیراعظم کا ساتھ چھوڑیں گے تاہم انکی پریس کانفرنس دھماکے سے کم نہیں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کا آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل بھی زیرغور رہا۔ ادھر وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ میڈیا قیاس آرائیاں نہ کرے، نثار پریس کانفرنس میں کیا کہتے ہیں کل ہی پتہ چلے گا۔
نثار
اسلام آباد( عمران مختار/ دی نیشن رپورٹ) وزیر داخلہ نے بلیو پاسپورٹ حاصل کر لیا جس سے ان کے مستعفی ہونے کی افواہوں نے مزید زور پکڑ لیا اور ان کی طرف سے کل کی جانیوالی پریس کانفرنس کے حوالے سے کیا جا رہا ہے کہ وہ اس میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کریں گے۔ ذرائع کے مطابق نثار اپنی پریس کانفرنس میں حکومت کی طرف سے انہیں مشاورتی عمل سے دور رکھنے کے حوالے سے بات کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے کئی رہنماﺅں جن میں وزیر مملکت مریم اورنگزیب بھی شامل ہیں، نے وزیر داخلہ کے استعفے کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو مسترد کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کے علاقے سیالکوٹ میں وزیراعظم کے خطاب کے بعد ان افواہوں نے مزید زور پکڑا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ کے پاس پہلے سے سفارتی پاسپورٹ موجود ہے جس کی مدت 2021ءتک ہے جبکہ انہوں نے گزشتہ روز 10سال کیلئے کارآمد بلیو پاسپورٹ بھی حاصل کر لیا ہے۔ پاسپورٹ آفس کے اہلکار کے مطابق کسی بھی وزیر سفارتکار کو اپنا چھوڑنے پر ریڈ پاسپورٹ سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتا ہے جبکہ حکام کے مطابق ریڈ پاسپورٹ سے دستبرداری پر ارکان پارلیمنٹ مستقل طور پر بلیو پاسپورٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے وزارت داخلہ کے ترجمان نے انکے ریڈ اور بلیو پاسپورٹ کے حوالے سے کوئی رائے نہیں دی۔ٹی وی کے مطابق نثار نے وزیراعظم نوازشریف سے 35 سالہ رفاقت ختم کرنے کا بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیر داخلہ کو مشاورتی اجلاس میں نہیں بلایا گیا، کل اہم پریس کانفرنس کرینگے
Jul 22, 2017