دھرنا گروپ‘ کرپشن زدہ سابق حکمران ایک سکے کے دو رخ کٹھ جوڑ ترقی کیخلاف سازش ہے : شہبازشریف

Jul 22, 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا بے مثال ترقیاتی پروگرام مخالفین کی نیندیں اُڑا رہا ہے ۔ سیاسی مخالفین کی بار بار کی رکاوٹوں کے باوجود پاکستان توانائی بحران کے خاتمے کی جانب بڑھ رہا ہے اور اندھیروں سے روشنیوں کا سفر تیزی سے طے کررہاہے۔ ملک سے اندھیرے ہمیشہ کیلئے ختم کرنیوالی مخلص قیادت پر بہتان تراشی کرنے والے پاکستان کے بدخواہ ہیں۔ سیاست عوام کی خدمت اور مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا نام ہے۔ عوامی خدمت کی سیاست سے نابلد افراد ملک میں انارکی پھیلانے کی سازش کر رہے ہیں اور بدقسمتی سے یہ شکست خوردہ عناصر جس شاخ پر بیٹھے ہیں، اسے کاٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ملک کو سیاسی عدم استحکام سے دوچار کرنے میں ان عناصر نے کوئی کسر نہیں چھوڑی اور انکی جھوٹ، بہتان اور الزام تراشی کی سیاست نے ملک کا بے پناہ نقصان کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے باشعور عوام دھرنا پارٹی اور کرپشن زدہ سابق حکمرانوں کے تماشوں سے تنگ آچکے ہیں۔ جھوٹ کے مصنوعی سہاروں پر بھروسہ کرنے والوں کی منفی سیاست کے دن گنے جا چکے ہیں۔ شہبازشریف نے ایک بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو ملک کی خدمت کا موقع دیا ہے۔ عوام اچھی طرح جان چکے ہیں کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے کون مخلصانہ کاوشیں کر رہا ہے اور کون سازشیں؟ عوام کی عدالت میں پہلے بھی سرخرو ہوئے ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے اور پاکستان کے عوام مکروفریب کی سیاست کرنے والوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ دھرنا گروپ اور کرپشن زدہ سابق حکمران ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور ہمارے مخالفین کا گٹھ جوڑ عوام کی ترقی و خوشحالی کیخلاف ساز ش ہے۔ وطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والے ملک وقوم کے خیرخواہ نہیں اور ان عناصر کو پاکستان کی تیز رفتار ترقی وخود مختاری سے زیادہ اپنا ذاتی مفاد عزیز ہے۔معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ قومی معیشت کو دھرنوں کے ذریعے اربوں ڈالر کا نقصان پہنچانے والے عوام کے دشمن ہیں اور اب یہ عناصر نئی چال چل رہے ہیں اور پاکستان کی تیز رفتار ترقی سے پریشان ہیں۔ 21 برس سے پی ٹی آئی کے سربراہ کی سیاست مفاد پرستی، جھوٹ او رمنافقت پر مبنی رہی ہے۔ قومی دولت لوٹنے والوں اور دھرنا گروپ نے ملک میں جھوٹ کا طوفان کھڑا کر رکھا ہے اور سیاسی رواداری ،اخلاقیات اورسچ سے ان کا دور تک کوئی واسطہ نہیں۔ ملک و قوم کی خاطر سیاسی بازی گر قوم کے روشن مستقبل کے ساتھ کھیلنا بند کر دیں۔ اپنے دور میں توانائی بحران کے خاتمے پر توجہ نہ دینے والوں کو اب لوڈشیڈنگ ختم ہونے پر اپنی بچی کھچی سیاست بھی ڈوبتی نظر آرہی ہے۔ ہوس زر میں مبتلا سابق حکمرانوںکی کرپشن اور لوٹ مار کا دور پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا۔ جھوٹ کی سیاست کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ خوشحالی کے مخالفین اور ملک کی ترقی کے سفر کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کرنے والوں کی منفی سیاست کا جنازہ نکال دیں گے اور ملک کی بدلتی ہوئی تقدیر سے کھیلنے کی کوشش کرنے والوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے۔

مزیدخبریں