واہ کینٹ (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ(ن) کے رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کا سیاسی نظام کمزور ہے‘ حلقے کے عوام کو چودھری نثار کے گھر کا علم ہی نہیں۔ (ن)لیگ نے چودھری نثار کو چھوڑ دیا ہے۔ چودھری نثار نے نازک وقت میں نوازشریف پر تنقید کیلئے ایک جواز بنایا‘ ملک پر نہیں چودھری نثار پر نازک وقت ہے۔ جلسہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت آج یہ ایک بدلا ہوا ملک ہے۔ آج ہمارے گھروں اور جلسہ گاہ میں بجلی اور گیس موجود ہے جو یہ بجلی لایا وہ شخص اسی حلقہ کی ایک عمارت میں قید ہے۔ اس شخص کو جہاں قید کیا گیا وہاں نہ پنکھا ہے نہ بلب ہے۔ وہ شخص جو عوام کو مکے دکھاتا تھا‘ 10سال تک عوام پر مسلط رہا آج لندن میں سر پر گلاس رکھ کر رقص کر رہا ہے جو ملک میں امن لایا، روشنی لایا وہ اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہے۔ نوازشریف نے کہا میں اپنے لئے کوئی رعایت کسی سے نہیں مانگتا۔ نوازشریف نے کہا دشمنوں نے گھیرا تو ایک شخص آستین کا سانپ بن گیا۔ نوازشریف کی گاڑی چلانے والی تصویر کوشش کرکے چودھری نثار اخبار میں لگواتا تھا۔ چودھری نثار واہ کینٹ اور ٹیکسلا کی مٹی سے ہوتا تو یار ماری نہیں کرتا۔ تمہاری حیثیت نوازشریف کے بنا جمشیددستی اور شیخ رشید جیسی ہی ہے۔ اب کی بار جو اسمبلی بنے گی اس میں چودھری نثار نہیں ہوگا۔ نوازشریف کے نمائندے قومی اسمبلی میں ہر نشست پر ہوں گے۔ چودھری نثار ٹینک کا انتخابی نشان مانگنے گئے تھے پر جیپ دیکر بہلائے گئے۔ عمران خان صرف ہیلی کاپٹر اور پرویزخٹک کو اڑاتے رہے۔ خان صاحب کہتے تھے تین سو ڈیم بنائیں گے۔ نوازشریف کی آزادی نوازشریف کی نہیں ہماری نسلوں کی آزادی ہوگی۔ 25جولائی کو مقدر سنوارنے کیلئے شیر پر مہر لگانی ضروری ہے۔
پرویزرشید