لاہور (خصوصی رپورٹر + بیورو رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری آج کوئٹہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما نوابزادہ سراج رئیسانی شہید کی تعزیت کیلئے سروان ہائوس گئے۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے نوابزادہ سراج رئیسانی شہید کے بھائی نوابزادہ لشکری رئیسانی، بیٹے جمال خان رئیسانی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ سوگوار خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لشکری رئیسانی، جمال خان رئیسانی اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور سراج رئیسانی شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔نگران وزیراعلی پنجاب نے سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے دیگر افراد کے لواحقین سے بھی دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ مستونگ کے متاثرین کیلئے ایک کروڑ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ نگران پنجاب حکومت اپنے بلوچ بھائیوں کی مدد کیلئے مستونگ فنڈ میں یہ رقم دے گی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر مستونگ میں پیش آنے والے المناک واقعہ کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کی اور غمزدہ خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سراج رئیسانی شہید پاکستان کی دھرتی کا بہادر بیٹا تھا اور ہم سراج رئیسانی شہید کی بہادری اور جرأت کو سلام پیش کرتے ہیں۔سراج رئیسانی شہید نے اپنے لہو سے وطن سے محبت اور سرفروشی کی داستان رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوابزادہ سراج رئیسانی پاکستان کی محبت سے سرشار تھے اور قوم کو نوابزادہ سراج رئیسانی جیسے سچے محب وطن پاکستانی پر فخر ہے۔نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت سے ملک ایک سچے پاکستانی اور کھرے سیاستدان سے محروم ہو گیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علائوالدین مری بھی اس موقع پر موجودتھے جبکہ نگران صوبائی وزیر ضیاء حیدر رضوی، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ تھے۔ڈاکٹر حسن عسکری نے کوئٹہ میں نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری سے ملاقات کی۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری اور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹرحسن عسکری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ نگران حکومتیں صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گی اور تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے، نگران حکومتوں کی غیرجانبداری پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔ دونوں وزراء اعلیٰ نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کے منفی پروپیگنڈہ کو خاطر میں لائے بغیر آزادانہ طور پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ اس موقع پر نگران حکومتوں کو حاصل مینڈیٹ کے مطابق انتخابات کے انعقاد سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزراء اعلیٰ نے کے پی کے اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن قوتیں انتخابات کے پرامن ماحول میں انعقاد کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی توجہ کوئٹہ میں حکومت پنجاب کی جانب سے امراض قلب کے ادارے کے قیام کی منصوبے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے یہ منصوبہ تعطل کا شکار ہے جس پرفوری عملدرآمد کے آغاز کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے یقین دلایا کہ وہ کوشش کریں گے کہ منصوبے پر جلد کام شروع کروایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم کے حصول کے مواقع کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔نگران صوبائی وزیر وقانون پنجاب ضیاء حیدر رضوی، نگران صوبائی وزراء بلوچستان امام بخش بلوچ،سلام خان، چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی اوروزیراعلیٰ پنجاب کے سیکرٹری بھی ملاقات میں موجود تھے۔مزید برآں نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے میٹرک امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دی ہے۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاہے کہ پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات نے اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات پاکستان کے چمکتے ستارے ہیں۔ ملک کا تابناک مستقبل ایسے ہی ذہین، ہونہار اور محنتی طلبا و طالبات سے وابستہ ہے۔