پشاور(بیورورپورٹ)نگران وزیراعلیٰ خیبرپی کے جسٹس (ر) دوست محمد خان نے ملک میں تعلیم وتربیت کے فروغ کے سلسلے میں مدارس دینیہ کے کردار کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ دین کے خدمت گار ہمارے لئے قابل قدر ہیں ۔ زندگی کے دیگر اُمور اور سماج کی اصلاح کے ساتھ عام انتخابات کے پرامن ، شفاف اور کامیاب انعقاد کیلئے بھی علماء اور رائے عامہ کے رہنمائوںکا کرداربڑی اہمیت رکھتا ہے ۔اُنہیں چاہیئے کہ وہ اس سلسلے میں الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق اور نگران حکومتوں کے پلان پر عمل درآمد میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ عوام ان کی رائے کا احترام کرتے ہیں اوران پر اعتما د کرتے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے کردار سازی کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے ورلڈ کلاس اسلامک ٹریننگ اکیڈمی قائم کرنے کی تجویز دی ہے اور دینی و عصری تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کیلئے باضابطہ سسٹم کو ناگزیر قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ملک کی بقاء و سلامتی معاشرے کی اصلاح میں ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں سیکرٹری جنرل وفاق المدارس قاری حنیف جالندھری کی سربراہی میں نمائندہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔