بھیرہ (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے نامزد امید وار حلقہ این اے 88 ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ اور پی پی 72صہیب احمد بھرتھ کی مین بازار بھیرہ میں نکالی جانے والی ریلی کے دوران لیگی کارکنوں نے شدید ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے امید واروں کے بینرز پھاڑ دیئے صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی۔ لیگی کارکنوں نے میونسپل کمیٹی بھیرہ کے سابق کونسلر چوہدری محمد ریاض گادی اور پی ٹی آئی کے حامی دوسرے دوکانداروں کی دوکانوں کے سامنے شدید نعرہ بازی کی اس دوران اکثر لوگوں کی جیبیں بھی کٹ گئیں۔ لیگی کارکنوں نے مخالف امید واروں کے متعلق انتہائی غلیظ زبان استعمال کی۔ پی ٹی آئی کے امید وار حلقہ این اے 88چوہدری ندیم افضل چن اور پی پی 72حسن انعام پراچہ نے لیگی امید واروں کی موجودگی میں ہنگامہ آرائی اور بینرز پھاڑنے کی شدید مذمت کرتے کہا کہ اپنی شکست واضح دیکھ کر لیگی امید وار بوکھلا گئے۔ یہ شہر کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کر کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقع کا فوری نوٹس لیں اور شہر کے ماحول کو تباہ کرنے والے قانون شکن عناصر کے خلاف فوری کاروائی کرے تاکہ پرامن ماحول برقرار رہے۔
بھیرہ: این اے 88 میں مسلم لیگ ن کی ریلی کارکنوں کا ہنگامہ، پی ٹی آئی کے بینرز پھاڑ دیئے
Jul 22, 2018