مٹھی :25 جولائی کا سورج انقلاب کی نوید لے کر طلوع ہوگا،جی ڈی اے

Jul 22, 2018

مٹھی+ماتلی ( رپورٹ نند لال لوہانہ+ نامہ نگار) مٹھی میں جی ڈی اے کی جانب سے سیاسی جلسہ عام منعقد کیا گیا جس میں تھر کے کونے کونے سے عوام بھرپور شرکت کی جبکہ سابق وزیر اعلی سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور پی ٹی آئی کے رہنماء پیر مجدد دین سرہندی نے شرکت کی اور عوام سے خطاب کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ارباب غلام رحیم نے کہا کہ تھرکے لوگوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ پیپلزپارٹی کے دس سالا دور سے بیزار ہو چکے ہیں اور پیپلزپارٹی کو مسترد کر دیا ہے اور تھر کے لوگ اپنے حقوق کے حصول کیلئے آج جمع ہو گئے ہیں، پیپلزپارٹی عوام کے تریسٹھ ارب روپے کھا گئی ہے ارباب رحیم نے کہا کہ جب میں وزیراعلی سندھ تھا اس وقت میں نے تھر میں روڈ تعمیر کئے وہ روڈ آج تک قائم ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے مہیش ملانی نے چند لنک روڈ بنائے وہاں پر بھی ابھی مٹی اڑ رہی ہے۔ سارا بجٹ کرپشن کی نظر ہو گیا۔ آپ عوام کے ٹیکسز کے پیسوں سے یہاں پر انہوں نے اپنے بنگلے قائم کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ نے اس بار موقع دیا تو ان تمام کرپٹ لوگوں سے پائی پائی کا حساب لوں گا۔ سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ جب میں وزیر داخلہ سندھ تھا تب مجھے کہا گیا کہ ارباب غلام رحیم کے خلاف ثبوت نکالو اور کیس داخل کرو تو مجھے کوئی ثبوت نہیں ملا کہ میں ارباب رحیم کہ خلاف کوئی کرپشن یا بدعنوانی وغیرہ کا کیس داخل کر سکوں یہ ان کی سچائی والی حکومت تھی۔ ارباب لطف اللہ نے ارباب رحیم کو بدنام کرنے اور تھر اور بدین میں ظلم کی انتہا کر دی ہے لیکن اب وہ زرداری کو پیارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت جی ڈی اے کی ہوگی لیکن اس وقت بتا نہیں سکتا کہ سندھ کا وزیراعلیٰ کون بنے گا لیکن آپ ارباب رحیم کو ووٹ دیکر کامیاب کریں تاکہ آپ کے مسئلے حل ہو سکیں۔ ادھرگرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس ضلع بدین کی رہنما ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے ماتلی میں ایک بڑے جلسہ سے خطاب کیا ان کے ساتھ جی ڈی اے کی ضلعی اور مقامی قیاد ت بھی موجود تھی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ کرپشن کا دور ختم ہو رہا ہے 25 جولائی کا سورج انقلاب کی نوید لے کر طلوع ہوگا، جلسہ کے اختتام پر رات دیر سے ڈاکٹر فہمیدہ مر زا این اے 229 بدین(۱) کے امیدوارحسام مرزا اور پی ایس 70 ماتلی کے امیدوا ر ریاض نظامانی کے ساتھ پریس کلب پہنچی اور میڈیا سے گفتگو کی۔ بدین کی پولیس مرزا اور جی ڈی اے کی حمایت کرنے والوں کو ہراساںکر رہی ہے۔ سندھی میڈیا اور مقامی صحافیوں سے ڈیفنس میں اپنی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے خدا بخش شیخ نے کہا کہ ہم پی پی پی مخالف جماعتوں کی سپورٹ کریں گے۔

مزیدخبریں