دمشق(صباح نیوز) شام کے جنوب مغربی صوبے درعا میں شامی افواج کی فضائی کارروائی میں 11 بچوں سمیت 26 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس اور شام کی اتحادی فوج کے لڑاکا طیاروں نے رات گئے جنوب مغربی صوبے درعا کے مخصوص علاقوں میں فضائی بمباری کی جس کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق ہو گئے جن میں 11معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ شامی حکومت نے کہا کہ مذکورہ علاقے باغی جماعتوں کے زیر تسلط تھے۔شام میں کام کرنے والے ریسکیو تنظیموں کے مطابق فضائی حملے میں درعا کے مختلف علاقوں کے انفرا اسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں، سیکڑوں مکانات منہدم ہو گئے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ،زخمیوں کو طبی امداد مہیا کی جا رہی ہے،شدید زخمیوں کو طبی سہولتیں حاصل نہ ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔شام میں فضائی حملہ اس وقت کیا گیا جب اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کی جانب سے درعا میں پھنسے ایک لاکھ 40 ہزار شہریوں کو پرامن مقام تک منتقلی کے لیے محفوظ گزرگاہ اور مناسب موقع فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔ تاہم شامی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس علاقے میں داعش کے انتہا پسند گروپ خالد بن ولید نے 30 ہزار شہریوں کو انسانی ڈھال بنا رکھا ہے۔
دمشق ،شامی افواج کی بمباری 11بچوں سمیت 26افرا د جاں بحق
Jul 22, 2018