راجھستان (صباح نیوز)بھارت میں انتہا پسندی کا ایک اور واقعہ پیش آ گیا جہاں راجھستان میں جنونی ہندوئوں نے گائے سمگلنگ کے الزام میں ایک اور مسلمان کو قتل کر دیا ۔بھارتی میڈیاکے مطابق بھارتی ریاست راجھستان میں جنونی ہندوئوں کے ہجوم نے دو مسلمان نوجوانوں کو گائے کی خرید و فرخت کا الزام لگا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ رام گڑھ کے علاقے الور میں گزشتہ شب ایک بجے دو نوجوان اکبر اور اسلم ایک ایک گائے کو پیدل اپنے ہمراہ لے جا رہے تھے کہ ہندو ہجوم نے نوجوانوں کو گھیر کر گائے کی ملکیت سے متعلق پوچھا۔ ہجوم کا خیال تھا کہ دونوں نوجوان گائے کو ذبح کرنے یا فروخت کرنے کے لیے لے جا رہے ہیں۔ہجوم نے دونوں نوجوانوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں نوجوان اکبر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جبکہ اسلم مشتعل ہجوم سے جان بچانے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔دوسری جانب راجھستان کی وزیر اعلی وسندھرا راج نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بھارتی ریاست راجھستان میں گائے سمگلنگ کے الزام میں ایک اور مسلمان قتل
Jul 22, 2018