عمران خان نے سمندرپارپاکستانیوں کوووٹ کا حق دینے کے لئے جدوجہد کی

Jul 22, 2018

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف اوورسیز چیپٹر ز کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ سات سمندر پار پاکستانی شہری صرف عمران خان کو ووٹ اور سپورٹ دینے کے لئے آئے ہیں۔عمران خان کو ملک اور عوام سے پیار ہے، طویل جدوجہد کے بعد پاکستان کو عمران خان کی شکل میں سپہ سالار مل رہا ہے۔سیاسی مافیا نے ملک وقوم کو لوٹ کر باہر کے ممالک میں اثاثے بنائے۔ سبز پاسپورٹ کی وجہ سے ہمیں عزت کی نظر سے نہیں دیکھا جارہاہے۔ دن رات محنت کرکے ملک کے زرمبادلہ میں ریڑھ کی ہڈی کی طرح کردار ادا کررہے ہیں۔70سال گزرنے کے باؤجود ہمیں ووٹ کا حق نہیں دیا گیا۔ عمران خان نے سمندرپارپاکستانیوں کوووٹ کا حق دینے کے لئے جدوجہد کی۔ بطور وزیر اعظم وہ ملکی بیرونی اور اندرونی مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ہفتہ کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانی چیپٹرز کے عہدیداروں میں عبدالباسط شاہ جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی یو کے، شرجیل ملک ہیڈآف پی ٹی آئی یوکے کمپین، منور زمان خان نیازی صدر نارتھ ویسٹ، عالیہ ہاشمی ہیڈ آف ویمن ونگ نارتھ ویسٹ سمیت دیگر ارکین کثیر تعداد میں موجود تھے۔

مزیدخبریں