لاہور : میزبان زمبابوے اورپاکستان کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا۔ٹیم پاکستان نے ایک اور کلین سویپ جبکہ فخر پاکستان نے ورلڈ ریکارڈز پر نظریں جما لیں۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان آج بلاوائیو میں سیریز کا آخری میدان لگے گا۔ دن سوا بارہ بجے بگل بجے گا، یکطرفہ مقابلوں کا پھر سے جوڑ پڑے گا، قومی شاہینوں کی نظریں زمبابوے کے خلاف دوسری اور مجموعی طور پر ساتویں بار پانچ صفر کی کلین سویپ جیت پر نظریں لگی ہوئی ہیں ۔
سرفراز احمد کی قیادت میں فتوحات کی بہترین شرح کے ساتھ ساتھ سری لنکا کے بعد دوسری بارفائیو نِل کا کارنامہ ہو سکتا ہے۔ ٹیم پاکستان کا اعزاز اپنی جگہ فخر پاکستان "فخر زمان " توجہ کا مرکز ہیں۔ کیرئیر کی اٹھارویں اننگز میں تیز ترین ہزار سکور بنانے کے لئے قومی اوپنر کو صرف 20 رنز درکار ہیں۔
وہ لیجنڈ ویوین رچرڈز، کیون پیٹرسن، جوناتھن ٹروٹ سمیت سٹار کونٹن ڈی اور بابر اعظم کے اکیس اننگز میں ہزار رنز کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ فخر زمان مزید 37 رنز بنا کر پانچ میچز کی سیریز میں زمبابوین بلے باز ہملٹن مسکڈازا کا 567 رنز کا ورلڈ ریکارڈ بھی اپنے نام کرسکتے ہیں۔