لاہور(خصوصی نامہ نگار ) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں ’’یادِمدینہ کانفرنس‘‘کا انعقاد کیا گیا۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاحضرت محمد مصطفی ؐ کی نسبت سے مدینہ منورہ کی محبت ہر دل میں رچی بسی ہوئی ہے۔روضہ رسولؐ پر حاضری کی تمنا ایک مومن کا حاصل زندگی قرار پایا ہے۔سرکار دو عالمؐ کی دہلیز پر انسان کی تمام اجنبیت ختم ہوجاتی ہے۔شہر مدینہ کا چپہ چپہ برکات کا گہوارہ ہے۔تاجدار ختم نبوت ؐ اپنی قبر پرنورمیں حیات حسی حقیقی جسمانی کے ساتھ زندہ ہیں۔امت مصطفیؐکا رابطہ ہر وقت اپنے نبی ؐسے برقرار ہے۔امتی دنیا کے جس کونے میں ہوہر امتی کے اعمال دربارِ رسولؐ میں پیش کیے جاتے ہیں۔یہی نظریہ عقیدہ ختمِ نبوت کی تقویت کا باعث بنتا ہے۔مدینہ منورہ وحدتِ امت اور ختمِ نبوت کا روشن حوالہ ہے۔حرمین شریفین سے وابستہ انسان ،شیطان کے حملوں سے محفوظ رہتا ہے۔اگر پاکستان کے حکمران واشنگٹن کے بجائے مدینہ منورہ سے عملی طور منسلک ہو جائیں تو سارے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔امریکی ایڈ اور امریکی تعاون کی مثال یو ں ہی ہے کوئی کسی کو عینک خرید کے تو دے دے مگر اس کی آنکھیں نکال لے۔