اسلام آباد(اسپورٹس رپورٹر) سری لنکا کرکٹ کیلئے نوگوایریا بنتے بنتے رہ گیا،خوفناک دہشتگردی کے باوجود 3ماہ میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لوٹنے لگی۔رواں برس21 اپریل کو سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والے دہشتگرد حملوں میں 250سے زائد افراد ہلاک ہوئے، اس کے باوجود صرف 3ماہ کے اندریہاں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہونے لگی ہیں، بنگلہ دیشی ٹیم گذشتہ روز سخت سیکیورٹی انتظامات میں کولمبو پہنچ گئی، یہ ایسٹر حملوں کے بعد آئی لینڈ پہنچنے والی پہلی بڑی غیرملکی ٹیم ہے۔بنگال ٹائیگرز کو ویسی ہی سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جو غیرملکی سربراہان مملکت کیلئے مختص ہے، ہوٹل پر بھی مسلح اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ سفر کے دوران بھی وہ سیکیورٹی حصار میں ہوں گے۔ایک پولیس آفیشل کا کہنا ہے کہ ہم نے میچ وینیوز پر بھی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں، اس ٹور میں بنگال ٹائیگرز 3ون ڈے میچز کھیلیں گے جوبالترتیب 26، 28اور 31جولائی کو پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔اسی طرح آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی 2ٹیسٹ اور 3ٹوئنٹی 20میچز کیلئے آئی لینڈ کا رخ کرنے والی ہے۔