اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت ) نوکیا موبائل فون کمپنی ایچ ڈی ایم نے پاکستان میں اپنے اسمارٹ فونز کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔جبکہ اوپو موبائلز کا پلانٹ پاکستان میں لگوانے کے حوالے سے متعلقہ حکام کی ملاقات۔پاکستان میں نوکیا کے ڈسٹری بیوٹر ایڈوانس ٹیلی کام نے اپنی ویب سائٹ پر نئے اسمارٹ فونز پر 40 فیصد تک کی کمی کا اعلان کیا ہے۔کمپنی کے ایک اعلامیہ کے مطابق نئے اسمارٹ فونز نوکیا کے تمام فرنچائزز اور ڈسٹری بیوٹرز کے پاس بڑے پیمانے پر دستیاب ہیں جس سے صارفین بھرپور استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔حالیہ سالوں میں نوکیا کو بین الاقومی مارکیٹ میں سخت مقابلہ کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس کے فونز کی طلب میں بہت کمی دیکھنے میں آئی ہے۔نوکیا کی اس نئی پیشکش کو مارکیٹ میں اپنی کھوئی ہوئی جگہ واپس حاصل کرنے کی ایک کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ چین کی اسمارٹ فونز بنانے والی بڑی کمپنی اوپو موبائلز نے پاکستان میں پلانٹ لگانے کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کر دیا ہے۔اس ضمن میں کمپنی کے سی ای او جارج لونگ نے خیبر پختونخوا حکومت کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے ملاقات کی اور انہیں کے پی کے میں اوپو موبائلز کا پلانٹ لگانے کے حوالے سے اپنے ارادے سے آگاہ کیا۔
نوکیا کا پاکستان میں اپنے اسمارٹ فونز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
Jul 22, 2019