نیپرا کا کے الیکٹرک کو شو کاز نوٹس، شکایات کیلئے ای میل اکائونٹ بنا دیا

Jul 22, 2020

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ خصوصی نمائندہ) نیپرا نے لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر کے الیکٹرک کو شو کاز جاری کر دیا۔ نیپرا کے مابق کے الیکٹرک کے معاملے پر انکوائری کمیٹی نے رپورٹ اتھارٹی کو پیش کی کمیٹی کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد مزید کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ کے الیکٹرک کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر شو کاز جاری کیا گیا۔ نیپرا نے کہا ہے کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا ذمہ دار کے الیکٹرک ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجلی بحران کی وجہ ایندھن قرار دینا غلط ہے۔ کے الیکٹرک نے سوئی سدرن سے معاملات طے نہیں کئے۔ کے الیکٹرک نے بجلی کی پیداوار کیلئے سرمایہ کاری نہیں کی۔ علاوہ ازیں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی سے متعلق عوامی شکایات کے لیے ای میل اکاؤنٹ بنا دیا۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر نیپرا نے عوامی سماعتوں کا آغاز کر دیا ہے، اس سلسلے میں حیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر عوامی سماعت کی گئی۔ وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نیپرا کے زیر اہتمام سندھ کے مختلف اضلاع میں بجلی کی طویل دورانیوں کی لوڈ شیڈنگ، زائد بلنگ، پرانے ٹرانسفارمرز اور دیگر متعلقہ مسائل پر زوم پر منعقدہ عوامی سماعت میں شریک ہوئے، عوامی سماعت میں نیپرا حکام، حیسکو، سیپکو کے چیف ایگزیکٹیو افسران کے علاوہ دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے نمائندے بھی شریک تھے۔ سماعت کے دوران حیسکو کے خلاف شہریوں کی جانب سے شکایات کے انبار لگا دیے گئے، ایک شہری نے شکایت کی کہ 12 سال سے اس کا گھر بند پڑا ہے مگر 47 ہزار کا بل آگیا ہے۔ نیپرا نے حیسکو اور سیپکو کے صارفین کے لئے الگ سے ای میل اڈریس بھی بنوا دیے ہیں، تاکہ ان کی شکایات کا ازالہ جلد از جلد ہو سکے۔ دوسری جانب نیپرا نے کے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے بعدکے الیکٹرک کو شو کاز نوٹس جاری کردیا ہے۔

مزیدخبریں