کٹھمنڈو (کے پی آئی) انڈیا اور نیپال کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ نیپال کی حدود میں داخل ہونے والے بھارتی شہریوں پر نیپالی پولیس نے فائرنگ کر دی، ایک بھارتی شہری زخمی ہو گیا۔ زخمی جتیندر سنگھ نامی بھارتی شہری ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ یہ فائرنگ نیپالی آرمڈ پولیس فورسز کی جانب سے اس وقت کی گئی جب انڈیا سے تین نوجوان نیپال کی سرحد میں داخل ہوئے تھے۔ نیپالی پولیس کے مطابق یہ تینوں لڑکے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے نیپال کی طرف جا رہے تھے۔ اسی دوران سرحد پر تعینات چار پانچ نیپالی پولیس اہلکاروں نے انھیں روکنے کی کوشش کی۔ ان کے درمیان میں ہاتھا پائی ہوئی۔ دریں اثنا نیپال نے بہار کے موتیہاری ضلعے کی سرحد کے قریب دریائے لال بکیا کے کنارے تعمیر ہونے والے پشتے کے کام کو روک دیا اور کہا کہ یہ باندھ بنانے کا کام 'نو مینز لینڈ میں ہو رہا ہے۔ مشرقی نیپال میں نیپالی اہلکا رمیش پانڈے نے کہا: ' انڈیا کی جانب سے 40-50 افراد نیپال کی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ چوکی پر تعینات مسلح پولیس اہلکاروں نے انھیں روکنے کی کوشش کی۔ ان کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔ ہمارے فوجیوں کو مارا پیٹا گیا، کپڑے پھاڑ دیے گئے۔ آخر کار فوجیوں نے ہوائی فائرنگ شروع کردی اور پھر وہ سب واپس ہو گئے جس کا مطلب ہے کہ وہ نیپال کی سرحد میں داخل ہوئے تھے۔ 'فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر مسلح سرحدی فوج (ایس ایس بی) کو الرٹ کردیا گیا۔