پنجاب کابینہ اجلاس، وزیراعلیٰ پراعتماد کی متفقہ قرارداد، دو نیشنل پارکس بنانے کی منظوری

Jul 22, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اظہار اعتماد کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کی گئی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے قرارداد پیش کی جسے پنجاب کابینہ نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پنجاب کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ کی قیادت پر بھرپور اظہار اعتماد کرتا ہے۔ پنجاب کی حقیقی ترقی کا سفر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ولولہ انگیز قیادت میں جاری رہے گا۔ ترقی کے سفر میں کسی قسم کی رکاوٹ آنے دی جائے گی نہ ہی کسی کو حائل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ پنجاب کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یکساں ترقی کے ویژن کے تحت خوشحالی کے سفر پر گامزن کیا ہے۔ پسماندہ اور محروم علاقوں خاص طور پر جنوبی پنجاب کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات ہر لحاظ سے قابل تحسین ہیں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے خلاف بے بنیاد اور شر انگیز پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کی پرزور مذمت کی گئی اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حقائق کو مسخ کرنے والوں کے خلاف متعلقہ فورم پر قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے کیونکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف چند عناصر مخصوص ایجنڈا کے تحت بے بنیاد مہم چلا رہے ہیں۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں محمودالرشید، فیاض الحسن چوہان، اختر ملک، عمار یاسر سمیت پوری کابینہ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ بے بنیاد الزامات پہلے بھی لگائے گئے لیکن ہمارا دامن صاف ہے۔ ہم سب مل کر وزیراعظم عمران خان کے ایجنڈا کو آگے لے کر چلیں گے۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب میں 2 مزید نیشنل پارکس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ۔ پنجاب کابینہ نے نیشنل پارکس کے قیام کے نوٹیفکیشن کے اجراء کی منظوری دی۔ فتح جنگ کے قریب خیری مورت میں 8 ہزار 740 ایکڑ اراضی پر نیشنل پارک بنایا جائے گا۔ کھاریاں کے قریب پبی میں38 ہزار 874 ایکڑ اراضی پر نیشنل پارک بنایا جائے گا جبکہ بہاولپور کے لال سہانرا نیشنل پارک میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پورے پنجاب میں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور پنجاب کابینہ نے اتھارٹی کا دائرہ کار صوبائی سطح پر بڑھانے کی منظوری دی جبکہ اتھارٹی کا نام والڈ سٹی اینڈ ہیری ٹیج ایریا اتھارٹی پنجاب رکھنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ پروبیشن آف اوفینڈرز ترمیمی ایکٹ2020 پنجاب پیرول ایکٹ 2020 اور پنجاب گڈکنڈکٹ پرینرنرز پروبیشنل ریلیز ترمیمی ایکٹ 2020 مائنز اینڈ آئل فیلڈز اینڈ منرل ڈویلپمنٹ (گورنمنٹ کنٹرول) ایکٹ 1948 کے قواعد و ضوابط میں ترمیم۔ عوامی جمہوریہ چین کے شہر چنگ ڈاؤ اور فیصل آباد میونسپل کارپوریشن ایڈمنسٹریشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دی گئی۔ پیپرا ایکٹ 2009 کے سیکشن 6 میں ترامیم ۔ پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2014 (ترمیمی 2019) کے رولز 12 اور 59 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ کے سی ای او / مستقل صدر کی تعیناتی کیلئے کمیٹی تشکیل دینے‘ لوکل گورنمنٹس کیلئے افسروں کی تقرری سے متعلق امور۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے تقرر کیلئے قواعد و ضوابط کی منظوری دی گئی۔ ناموس رسالت ؐ کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد سے متعلق مسودہ قانون کی منظوری دی گئی۔ سٹمپ ایکٹ 1899 کے شیڈول ون کے آرٹیکل 23(C) کے تحت رجسٹرڈ موٹر گاڑیوں کی فروخت اور رجسٹریشن کی منتقلی پر عائد سو روپے کا اشٹام پیپرختم کرنے کی منظوری دی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پروبیشن اینڈ پیرول سسٹم میں ضروری اصلاحات کی گئی ہیں۔ مہنگائی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور صوبہ پنجاب میں بنیادی اشیائے خورد و نوش کے نرخ دیگر صوبوں کی نسبت کم ہیں۔ عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیرداخلہ و قبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو کی قیادت میںوفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے سعودی عرب کے سفیر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ نے فیصل آباد کے علاقے تاندلیانوالہ کے علاقے میں چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار سے عالمی شہرت یافتہ لوک گلوکار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے ملاقات کی۔

مزیدخبریں