کراچی(این این آئی)بھتہ خوروں نے نے ایک بار پھر سے اولڈ سٹی ایریا میں اپنی موجودگی کا احساس دلانا شروع کر دیاہے۔کھارادر کے علاقے اولڈ سٹی ایریا میں بھتہ خور گروپ نے ڈرائی فروٹ اور دال چاول کا کاروبار کرنے والے 2 دکانداروں کو بھتے کی پرچیاں بھیج دیں ،بھتے کی پرچیوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے پر تاجروں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ایس ایچ او کھارادر احسن ذوالفقار نے اس ضمن میںبتایا کہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایک شخص سائیکل پر اکیلا آیا تھا جس نے ایک بھتے کی پرچی جس پر 2 لاکھ روپے بھتہ لکھا تھا ڈرائی فروٹ اور بھتے کی دوسری پرچی جس پر ایک لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا دال چاول کے دکاندار کو تھما کر فرار ہوگیا ، ڈرائی فروٹ کے مالک کو 2 لاکھ روپے بھتے کی جو پرچی دی گئی ہے اس میں لکھا ہے کہ گزارش ہے کہ آپ ہماری درخواست پر عمل کرینگے۔بھتے کی پرچی واجا گینگ کی جانب سے بھیجی گئی ہے جس پر لکھا ہے کہ بروز پیر کی شام 6 بجے تک 2 لاکھ روپے کی ادائیگی ہو جانی چاہیے اور اگر نہیں دیئے تو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے ، دکان بند کرنے سے پہلے شام 6 بجے پیسے کاغذ کی تھیلی میں رکھ کر شاپر میں ڈال کے اپنی کار کے پاس چھوڑ جانا ہمارے آدمی تمہیں واچ کر رہے ہیں۔