اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ نظام کی تیاری کے دوران انٹرنیٹ ووٹنگ کے عمل میں ووٹ کی رازداری اور شفافیت بھی بنائی جانی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں الیکٹرانک ووٹنگ نظام کے بارے میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صدر کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے موثر اور قابل اعتماد ای ووٹنگ نظام کے قیام کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بتایا گیا کہ جامع ووٹنگ نظام کی تیاری کیلئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔ صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ای ووٹنگ کا نظام شفاف اور لوگوں کیلئے قابل اعتماد ہونا چاہئے۔ دوسری طرف صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ معیشت کے استحکام کیلئے ای کامرس ناگزیر ہے کیونکہ یہ دوردراز کی منڈیوں تک رسائی، کاروباری لاگت میں کمی اور روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ای کامرس کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ملک میں ای کامرس پالیسی کے نفاذ کے حوالے سے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
ای ووٹنگ کا نظام شفاف اور عوام کیلئے قابل اعتماد ہونا چاہئے: صدر
Jul 22, 2020