تہران (این این آئی )ایران سے وابستہ ہیکروں نے غیر ارادی طور پر اپن نقب زنی کی کارگزاریوں کی فلمائی گئی ویڈیوزآن لائن جاری کردیں، آئی بی ایم نے کئی گھنٹے کے دورانیے پر مشتمل یہ ویڈیوز حاصل کر لیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق وائرڈ کی رپورٹ میں بتایاگیاکہ آئی بی ایم کی ایکس فورس سکیورٹی ٹیم نے اس ایرانی گروپ کی قریبا پانچ گھنٹے کی ویڈیو فوٹیج حاصل کی ہے۔ دوسرے ملکوں کے شہریوں کے کمپیوٹر نظاموں اور ای میلز میں نقب لگانے والا یہ گروپ اے پی ٹی 35 کہلاتا ہے اور یہ ایرانی حکومت سے وابستہ بتایا جاتا ہے۔ان ہیکروں نے جن افراد کو اب تک نشانہ بنایا ، ان میں امریکہ کے محکمہ خارجہ کا عملہ ، ایک ایرانی نژاد امریکی مخیر شخصیت اور امریکا اور یونان کے فوجی اہلکار شامل ہیں۔آئی بی ایم کی رپورٹ کے مطابق یہ فوٹیج اے پی ٹی 35 کے ہیکروں کی سکرینوں سے براہ راست ریکارڈ کی گئی تھی۔اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ گروپ ای میل اکائونٹس سے کیسے ڈیٹا چرا رہا تھا اور اس کا ہدف بننے والے افراد کابھی پتا چلتا ہے۔ان ہیکروں نے اپنی نقب زنی کی کارگزاریوں کی تفصیل ریکارڈ کی تھی اور اس کے بعد اس کو ایک غیر محفوظ سرور پر آن لائن اپ لوڈ کردیا تھا مگر آئی بی ایم کے محققین ایک ورچوئل پرائیویٹ سرور پر سکیورٹی سیٹنگ میں غلط جوڑ توڑ کی وجہ سے فوٹیج تک رسائی میں کامیاب ہوگئے تھے۔