پریٹوریا(این این آئی)افریقہ میں کورونا متاثرین کی موجودہ تعداد کے پیشِ نظر، عالمی ادارہِ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ براعظم میں شاید اس سے کہیں زیادہ بڑے پیمانے پر وبا پھیلنے کا خطرہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عالمی ادارہِ صحت کے ہنگامی امور کے سربراہ مائیکل ریان نے کہا کہ مجھے ابھی بہت تشویش ہے کیونکہ افریقہ میں متاثرین کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھ رہے ہیں۔اب تک براعظم میں تقریبا 15ہزاراموات ہوئی ہیں اورسات لاکھ 25ہزارتصدیق شدہ متاثرین ہیں۔ اور براعظم کرونا وائرس کا ہاٹ سپاٹ بننے سے بچا ہوا ہے۔لیکن براعظم کے بدترین متاثرہ ملک، جنوبی افریقہ میں کووڈ متاثرین میں اضافے کو ایک انتباہ کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ بقیہ افریقہ کے ساتھ کیا ہوسکتا ہے۔ ملک میں تین لاکھ 70سے زیادہ متاثرین اور پانچ ہزار اموات ہوئی ہیں۔ریان نے کہا کہ یہ تشویش صرف جنوبی افریقہ کے لیے نہیں ہے۔ ہمیں افریقہ میں جو ہو رہا ہے اسے بہت سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔