شیخوپورہ‘ سرگودھا‘ مانسہرہ(نامہ مگار‘ نوائے وقت رپورٹ) سرگودھا میں غیرت کے نام پر نوجوان‘ مانسہرہ میں فائرنگ کر کے لڑکی اور لڑکے کو قتل کر دیا گیا۔ جبکہ شیخوپورہ میں باپ اور بھائی نے جواں سال لڑکی کو چھریاں مار مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔تفصیلات کے مطابق نوشہرہ وادی سون کے علاقہ کھبیکی میں مسلح افراد نے لاری اڈا پر فائرنگ کر کے نوجوان محمد ساجد اعوان کو قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔ واردات غیرت کے نام پر قتل بتلائی جا رہی ہے پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کرتے ہوئے مقتول کی نعش پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔دوسری جانب شیخوپورہ میں تھانہ اے ڈویژن کے علاقہ ڈیرہ کمبواںمیں غیرت کے نام پر باپ اور بھائی نے چھریوں کے وار کرکے جواںسالہ شائستہ کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ 17 سالہ شائستہ کے اپنے بہنوئی سے مراسم تھے اور اسکا بہنوئی اسے فیصل آباد سے بھگا کر لے آیا اوراپنے بھتیجے شہزاد سے اسکی شادی کروادی جس کا شائستہ کے والدین اور بھائیوںکو رنج تھا ۔گزشتہ روز والد اور بھائی نے شائستہ اور اس کے خاوند شہزاد کو گائوں سے باہر جاتے ہوئے گھیر لیا اور شائستہ کو چھریوں کے پے درپے وار کرکے قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس نے نعش کو قبضہ میں لیکر کارروائی شروع کردی ہے۔علاوہ ازیں مانسہرہ میں غیرت کے نام پر لڑکا اور لڑکی کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ کاغان کی حدود میں پسند کی شادی کی خواہش پر لڑکا اور ؒلڑکی کو قتل کر دیا گیا۔ لڑکی منگیتر کی بجائے اپنے کزن سے شادی کرنا چاہتی تھی لڑکے اور لڑکی کے شادی کے اصرار پر والدین تنگ آگئے تھے۔ قتل کا منصوبہ لڑکا‘ لڑکی کے والدین نے ملکر بنایا تھا۔ لڑکی کے ماموں نے فائرنگ کر کے دونوں کو قتل کیا۔ مقتولین کے والدین سمیت5افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔