اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران ہمیں حفاظتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اس وبائی چیلنج سے بطریق احسن نبردآزما ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ یہ ملاقات وزارت خارجہ کے دفتر میں ہوئی۔ بات چیت کے دوران ملک میں کرونا وبائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تینوں وزراء کے مابین 5 اگست کے حوالہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین کرفیو اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے حوالہ سے بھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔ دوران ملاقات ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ حکومت نے اپنے محدود وسائل کے باوجود کرونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔