گندم اور آٹے کابحران: وزیراعظم کی جلد اقدامات کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے گندم کی فراہمی اور ترسیل میں تمام رکاوٹیں جلد از جلد ختم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گندم کی فراہمی اور ترسیل میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔

شبلی فراز نے بتایا حکومت کی کوشش ہے کہ آٹے کی قیمت زیادہ نہ ہو۔ عمران خان نے سندھ حکومت سے درآمدی گندم پر ایکسائز ڈیوٹی نہ لینے کی ہدایت بھی کی ہے۔

وزیراطلاعات نے بتایا کہ حکومت خیبرپختونخوا سے گندم کی اسمگلنگ کو روکنے کیلئے بہت جلد مؤثر اقدامات کرے گی۔  وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزی سماج دشمنی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کریں تاکہ حکومت قانون کے مطابق کارروائی کرکے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائے۔

خیال رہے کہ کراچی میں فلور ملز مالکان نے آٹے کی قیمت میں 3 روپے کلو اضافہ کردیا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمتوں میں 9 روپے فی کلو گرام کا اضافہ کیا گیا۔ لاہورمیں بھی آٹے اور چینی کی قلت برقرار ہے اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کراچی میں ایک ہفتے کے دوران آٹے کی  قیمت 48 روپے سے 57 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے فلور ملز کو گزشتہ ہفتے گندم نہیں ملی اور سندھ سے بڑے پیمانے پر گندم پنجاب جارہی ہے۔

فائن آٹے کی قیمت میں ڈیڑھ روپے اور چکی آٹے کی قیمت میں 2 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں گندم کی بوری کی قیمت میں300 روپے اضافہ ہوا اور سو کلو کی بوری 5100 روپے کی ہوگئی ہے۔

پنجاب حکومت نے بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت تو آٹھ سو ساٹھ روپے مقرر کر دی لیکن شہرمیں ڈیمانڈ کے مطابق سپلائی یقینی نہیں بنائی جاسکی۔

چھوٹی اور بڑی سب دکانوں پر آٹا ختم ہے جس سے عوام مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ آٹے کی سپلائی بہت زیادہ متاثر ہے جس کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں آٹے کی قلت دیکھنے میں آ رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن