اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت )بلوچستان کے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے بلوچستان ہمارا گھر ہے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، نااہل، کرپٹ اور سست افسران کو برداشت نہیں کیا جائے گا محکمے کی بہتری کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز پشین ریسٹ ہاوس میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر لائیواسٹاک مٹھا خان کاکڑ، ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری، اسسٹنٹ کمشنر پشین حضرت ولی محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تمام زونز کے چیف، ایکسئین، انجینئرز، ایڈمن اسٹاف موجود تھے صوبائی وزیر لائیواسٹاک مٹھا خان کاکڑ اور سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نورالامین مینگل نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی جاری کیے، انہوں نے مزید کہا کہ عوام پہلے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے بارے میں منفی سوچ رکھتے تھے مگر اب جس طرح محکمہ مواصلات و تعمیرات کامیابی سے کام کر رہا ہے انشاء اللہ آنیوالا ہر دور اسی طرح ہوگا عوام کی منفی سوچ اب مثبت سوچ میں بدل گئی ہے، پورے بلوچستان میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے کسی کو بھی ناقص مٹریل استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینگے آج مجھے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ میرے سامنے آج وہ افسران بیٹھے ہوئے ہیں جنہوں نے میرے توقعات سے بڑھ کر کام کیا ہے اگر ہر کوئی اسی جوش جزبے اور لگن کے ساتھ کام کرے گا تو بلوچستان مزید ترقی کرے گا، محکمہ مواصلات و تعمیرات میں جو نااہل کرپٹ اور سست افسران تھے اب وہ ہمارے ٹیم کا حصہ نہیں رہے جو کام کرے گا ان افسران کیلئے میرے دل میں بہت زیادہ عزت ہیں اور ہمارا نعرہ بھی ہے کہ کام میں عزت ہے۔