”تحفظ بنیاد اسلام“ تاریخی بل ہے:سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی

Jul 22, 2020 | 22:03

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ”تحفظ بنیاد اسلام“ تاریخی بل ہے، میں اس کے پاس ہونے پر اللہ تعالیٰ کا بے انتہا شکر ادا کرتا ہوں۔ یہ بل دین اسلام کی حفاظت اور سربلندی کیلئے انشاءاللہ سنگ میل ثابت ہوگا۔ وفاق اور صوبے اس معاملے میں ہماری تقلید کریں۔ وفاق سمیت تمام صوبوں میں اسی طرح یہ بل منظور کروا کے پورے پاکستان میں نافذ کیا جائے۔ خصوصی طور پر اس بل کے سیکشن نمبر 3 شق F کو پاکستان پینل کوڈ 1860ءکی شق نمبر 295 سی میں شامل کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی میں ”تحفظ بنیاد اسلام“ بل منظور ہونے پر خطاب کر تے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس بل کے ذریعے اللہ تعالیٰ سمیت تمام مقدس ہستیوں کی عزت و ناموس، آخری نبی حضرت محمد رسول اللہ ﷺ، تمام انبیائے کرامؑ، تمام آسمانی کتابیں، تمام فرشتے، تمام خلفائے راشدین، تمام امہات المومنین، تمام اہل بیت اطہار، تمام اصحاب رسول ؓاور اسلام کی بنیادوں کی حفاظت ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس سلسلے میں جلد ان سے بھی مشاورت کروں گا تاکہ اس کو انشاءاللہ پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ سپیکر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، قرار داد کے محرک حافظ عمار یاسر سمیت اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف، صوبائی وزیر مراد راس اور دیگر اراکین اسمبلی کا شکر گزار ہوں۔جنہوں نے اس بل کی منظوری میں بھرپور کردار ادا کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ تقریباََ ایک سال قبل تین ایسی کتابوں کا معاملہ سامنے آیا جس میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ، خلفائے راشدین اور اسلام کے بارے میں نہایت گھٹیا اور توہین آمیز زبان استعمال کی گئی۔ سپیکر نے کہا کہ اس وقت فوری طور پر ہماری جماعت کے رکن حافظ عمار یاسر نے اس سلسلے میں پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد پیش کی جو متفقہ طور پر منظور ہوئی۔ میں نے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں ایک سپیشل کمیٹی قائم کی جس نے بہت اچھا کام کیا۔ راجہ بشارت صاحب کی کوششوں کو سراہتا ہوں جن کی سربراہی میں اس کمیٹی نے دن رات اس معاملے پر کام کر کے کتابوں کا کھوج لگایا۔اس، کمیٹی کے دیگر ارکان میاں شفیع محمد، کاشف محمود، محمد معاویہ اعظم، محمد الیاس چنیوٹی، ساجد احمد خان بھٹی، سید حسن مرتضیٰ اور نیلم حیات صاحبہ کا میں تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میں جناب شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی صاحب، مفتی منیب الرحمن صاحب، مولانا حنیف جالندھری صاحب، مولانا طاہر اشرفی صاحب، مولانا زاہد الراشدی صاحب، سید کفیل شاہ بخاری صاحب اور تمام مکاتب فکر کے علماءکرام کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری اس اہم معاملے میں رہنمائی فرمائی۔ سپیکر نے سیکرٹری اسمبلی محمد خاں بھٹی، ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک، سیکرٹری لاءنذیر احمد گنجیانہ، سیکرٹری انفارمیشن راجہ جہانگیر کا بھی شکر یہ ادا کیا۔ سپیکر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اور ہماری نسلوں کو اپنے دین اسلام کی مزید خدمت کیلئے قبول فرمائے اور ہمیشہ ثابت قدم رکھے۔ اللہ تعالیٰ اس مبارک عمل میں حصہ لینے والے تمام احباب کو بھی جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین۔اس مو قع پر وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے کہا کہ آج بہت بڑا دن ہے۔ ”تحفظ بنیاد اسلام“ بل کی منظوری پر سپیکر چودھری پرویز الٰہی اور تمام اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ ان لوگوں کا نام بلند رکھتا ہے جو دین اسلام کے لیے اپنی جان اور مال پیش کرتے ہیں۔ حافظ عمار یاسر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے مبارک دین کی سر بلندی کے لیے سپیکر چودھری پرویز الٰہی کے خاندان کو چنا ہے اور یہ بہت بڑا ا عزا زہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک ختم نبوت میں چودھری ظہور الٰہی شہید نے نمایا ں اور تاریخی کردار ادا کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر چودھری ظہیر الدین ، چیئر مین پی اے سی سید یاور عباس بخاری اور اراکین اسمبلی ، سید حسن مرتضیٰ ، طاہر خلیل سندھو، سعید اکبر نوانی نے بھی ”تحفظ بنیاد اسلام“ بل متفقہ منظور ہونے پر سپیکر چودھری پرویز الٰہی کو مبارک باد دی ۔

مزیدخبریں