لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشیں،،وزیراعلیٰ پنجاب متحرک، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کا حکم

Jul 22, 2022 | 00:52

ویب ڈیسک

پی ڈی ایم اے، صوبائی انتظامیہ اورریسکیو1122 کو الرٹ کردیاہے،ریلیف کی فراہمی میں تساہل قبول نہیں:حمزہ شہباز

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا لاہور،گجرات سمیت دیگر شہروں میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے لاہور،گجرات سمیت دیگر شہروں میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے۔جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حادثات میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے، صوبائی انتظامیہ اورریسکیو1122 کو الرٹ کردیاہے۔ متعلقہ محکمے اور ادارے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں اور متاثرہ لوگوں کو فوری طورپر ریلیف فراہم کیا جائے۔متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کے کاموں میں تساہل قبول نہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے لاہور اور دیگر شہروں میں بارشوں  کے پیش نظر لاہور سمیت متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو چوکس رہنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ضلعی انتظامیہ،ریسکیو1122، واسا اورمتعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں۔ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور نکاسی آب کے کام کو کم سے کم وقت میں مکمل کیاجائے۔ منتخب نمائندے بھی اپنے علاقوں میں نکاسی آب کے کام کو مانیٹر کریں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ٹریفک کی روانی کے لئے انٹیلی جنٹ مینجمنٹ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس کا عملہ جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔مخلوق خدا کو تکلیف نہیں ہونی چاہیئے۔

مزیدخبریں