اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی میں ملاقات کی۔تفصیلات کے مطابق سائنٹفک ایڈوائزر زین العابدین سمیت وزارت کے سینئر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے ایرانی وفد کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان عقیدے اور ثقافتی وابستگیوں پر مبنی گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو وقت کی کسوٹی پر پورا اترے ہیں۔ یہ انتہائی اطمینان کی بات ہے کہ دوطرفہ تعلقات سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں اعلیٰ سطح کے تبادلوں کے ذریعے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔آغا حسن بلوچ نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ مفاد کے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ پاکستان اور ایران ای سی او کے بانی ارکان میں شامل ہیں۔ اور ای سی او سائنس فاؤنڈیشن وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کے تحت کام کرنے والی بین الحکومتی تنظیم ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایران پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کی ریاست کو تسلیم کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی تاریخ اور ادب مشترک ہیں۔ ہم دونوں کشمیر سے لے کر فلسطین تک کئی علاقوں میں ہم آہنگی رکھتے ہیں، خطے میں دیرپا امن اور استحکام دیکھنے اور بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کرنے کی باہمی خواہش رکھتے ہیں۔و
آغا حسن بلوچ
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سے ایران کے سفیرکی ملاقات
Jul 22, 2022