قرآن پاک لازمی تعلیم کا قانون مسلم لیگ ن نے نافذ کیا۔ گورنر پنجاب

لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ قرآن مجید کی لازمی تعلیم کا قانون مسلم لیگ ن کی حکومت نے 2017ء میں پارلیمنٹ سے منظور کرایا اور 2017ء میں پنجاب اسمبلی سے پاس کر کے پنجاب میں نافذ کر دیا گیا۔ قرآن پاک کی لازمی تعلیم کا قانون پاس کرانے  کیلئے جید علماء کرام سے سے مشاورت کی گئی۔ قرآن پاک کا متفقہ ترجمہ کر کے نافذ کیا گیا۔ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام جس ترجمہ پر متفق ہوئے وہی آج تعلیمی اداروں میں پڑھایا جا رہا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے مذہبی سکالر ڈاکٹر محمد طاہر مصطفے کی جانب سے اردو زبان کے پہلے غیر منقوط ترجمہ قرآن کے دوسرے ایڈیشن کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ تقریب میں غیر منقوط تفسیری مترجم ڈاکٹر طاہر مصطفے، نوائے وقت گروپ کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری، مولانا امجد خان، مولانا احتشام الہی ظہیر، خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی، پروفیسر ڈاکٹر طاہرہ بشارت، جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری امیر العظیم، مولانا انتخاب نوری، الرحمان ڈویلپرز کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد مشتاق نے خطاب جبکہ پیر اشرف رسول، سابق صوبائی وزیر پیر سعید الحسن شاہ، میاں رفاقت، کرنل (ر) زبیر چغتائی، ڈائریکٹر الرحمان ڈویلپرز میاں عبدالرزاق، چودھری شفیق سلطان، خاور عباس سندھو سمیت مذہبی، کاروباری، صحافتی اور سماجی شخصیات نے سیکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمن نے کہا کہ پوری دنیا اور عالم اسلام میں قرآن پاک کا اردو زبان کے سب سے پہلے غیر منقوط تفسیری ترجمہ پاکستان کا اعزاز ہے۔ ڈاکٹر طاہر مصطفے نے کہا کہ بغیر نقطوں کے قرآن کا ترجمہ لکھنا معجزاتی اسلوب ہے۔ عرب میں بغیر نقطوں کے قرآن پاک لکھنے کی وجہ ان کی مادری زبان تھی اور جب قرآن پاک عرب سے عجم کی طرف آیا تب وہاں کے مسلمانوں کے لئے نقطے شامل ہوئے۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے شاگرد حضرت ابو الاسود الدوہی نے سب سے پہلے نقطے لگائے۔ بغیر نقطوں کے اردو ترجمہ کا کام 14 سو سال بعد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ حکومت پاکستان نے اس حوالے سے کچھ نہیں کیا۔ نوائے وقت گروپ کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے کہا  قرآن مجید خاص اعجاز کی کتاب ہے، جس کا کوئی ثانی نہیں۔ قیامت تک اس آسمانی کتاب سے علوم کی نئی نئی جہتیں آشکار ہوتی رہیں گی۔ انہی جہتوں میں سے ایک نئی اور منفرد جہت قرآن مجید کا غیر منقوط ترجمہ ہے۔ جس کی سعادت کے لئے اللہ تعالی نے پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر مصطفے کا انتخاب کیا۔ ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں میں سے قرآن مجید کی ایک منفرد خدمت کے لئے ایک پاکستانی مسلمان کا انتخاب مشیت ایزدی کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا غیر منقوط سر کائنات میں سے ہے۔ خدائے ذوالجلال نے اپنا ذاتی نام اللہ پسند کیا جو غیر منقوط ہے۔ اللہ نے اپنے حبیب نبی آخرالزمان کا نام محمد ﷺ رکھا اور یہ بھی غیر منقوط ہے۔ مولانا انتخاب نوری نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ڈاکٹر طاہر مصطفے کے لئے تمغہ برائے حسن کارکردگی کا اعلان کرنا چاہیے۔ میاں محمد مشتاق نے کہا کہ قرآن کا غیر منقوط ترجمہ کی اشاعت کا کام کرانا بڑی سعادت ہے۔ اپنے بچوں کو بھی نصیحت کر دی ہے کہ وہ یہ کام جاری رکھیں۔ دیگر مقررین نے  پروفیسر ڈاکٹرطاہر مصطفے کو خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر پنجاب نے دیگر شرکاء کے ساتھ غیر منقوط ترجمہ قرآن کے دوسرے ایڈیشن کی رونمائی کی جبکہ آخر میں ملکی سلامتی و استحکام کے لئے دعا کی گئی۔  
تقریب رونمائی 

ای پیپر دی نیشن