لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دینے کے بعد سیر و تفریح پر نکل پڑے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر قومی ٹیم کے بیٹر فواد عالم نے سیر سپاٹے کی تصویر شیئر کر دی۔فواد عالم کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں کپتان بابر اعظم، امام الحق، اظہر علی، سرفراز احمد‘فواد عالم اور نعمان علی موجود ہیں۔فواد عالم نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ بارش، اچھے دوست اور ٹھنڈی ہوائیں، بس ایک کپ چائے کی کمی ہے۔سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور فیصلہ کن میچ سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے جہاں فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے۔ خیال رہے کہ گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز شاہین شاہ آفریدی کو گْھٹنے کی انجری ہوئی تھی۔تاہم اب ٹیم مینجمنٹ نے شاہین کی ایم آر آئی رپورٹس کے بعد انہیں دوسرا میچ نہ کھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی سری لنکا میں ٹیم کے ساتھ ہی رہیں گے، ٹیم مینجمنٹ شاہین کے ری ہیب پر کام کرے گی۔یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 24 جولائی سے شروع ہو گا، دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔سری لنکا کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹیم کی جیت کے گیم پلان کا راز دنیا کو بتادیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مبارک ہو، اس ٹیم میں کئی سپر سٹارز ہیں اور وہ اپنے ملک کیلئے جان لڑا دیتے ہیں۔ساتھ میں رضوان نے ٹیم کے گیم پلان سے متعلق وائٹ بورڈ کی تصویر شیئر کی جس کے متعلق انہوں نے تحریر کیا کہ یہ تیسرے دن کی تصویر ہے، تاریخی ہدف حاصل کرنے کا ہمارا گیم پلان۔وکٹ کیپر بیٹر نے حوصلہ افزائی اور یقین کا کریڈٹ ثقلین مشتاق، شاہد اسلم، محمد یوسف اور پوری ٹیم انتظامیہ کو دیا۔