لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ پنجاب حکومت اورواسا کی نااہلی نے ابر رحمت کو شہریوں کیلئے زحمت بنادیا ۔ واسا کی کاکردگی فوٹو سیشن اور کاغذی کارروائی تک محدود جبکہ نشیبی علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کررہے ہیں۔تاجپورہ، دھرم پورہ، بھگوان پورہ، کچہ جیل روڈ، چونگی امرسدھو، نشر کالونی، گلیکسو ٹاؤن، یوحنا آباد،، انعم روڈ، مصری شاہ، دو موریاں پل، ہر بنس پورہ انڈر پاس سمیت نشیبی علاقوں کے بیشتر رہائشی علاقوں کے گلی محلے، لوگوں کے گھر اور سٹرکیں تالاب بنی ہوئی ہیں اور واسا کا عملہ غائب ہے۔ عوام اپنی مدد آپ کے تحت پانی کی نکاسی کیلئے کوششیں کرنے پر مجبور ہیں جس کی جماعت اسلامی لاہور پر زور مذمت کرتی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے چند گھنٹوں میں مسلسل بارش کے بعد شہر کے نشیبی اور مختلف علاقوں میں نکاسی آب کی ناقص صورتحال کیخلاف حکومت پنجاب اور واسا کی کارکردگی کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کیا۔
واسا کی نااہلی نے ابر رحمت کو زحمت بنادیا : ذکر اللہ مجاہد
Jul 22, 2022