پاکستانی سفارتکار کابھارتی مندوب کو کرارا جواب

Jul 22, 2022

پاکستانی سفارتکار محمد راشد  نے اقوام متحدہ میں بھارتی مندوب کی تقریر پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کا سہولت کار ہے‘ سلامتی کونسل میں بھارت کا گھنائونا کرداربے نقاب کر دیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل میں ’’بچے اور مسلح تنازعات‘‘ کے موضوع پر سالانہ بحث کے دوران بتایا کہ بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بچوں اور نوجوانوں کو روزانہ گرفتار کیا جاتا ہے اور انہیں تشدد اور ناروا سلوک کا نشانہ بنایا جاتا ہے تاکہ حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کرنیوالے گروپوں سے تعلق کا جبراً اعتراف کراسکیں۔ 
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ہٹ دھرمی اور سفاکی کی داستانیں تو گزشتہ 75 سال سے پوری دنیا کے سامنے عیاں ہیں اور آج بھی وہ اپنے زیرتسلط جموں و کشمیر میں روزانہ کی بنیاد پر بچوں اور نوجوانوں کو گرفتار کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنا کر انہیں یا تو اپاہج بنا دیتا ہے یا شہید کرکے اجتماعی قبروں میں دفن کر دیتاہے ۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ بھارت کی اس سفاکی کا عالمی سطح پر کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا نہ اقوام متحدہ اپنی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کیلئے ٹس سے مس ہو رہا ہے۔ پاکستان میں ہونیوالی اکثر دہشت گردی کی وارداتوں  میں  ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں جن کا بھارت ہی سہولت کار ہے جو فنڈنگ اور اسلحہ فراہم کرکے انکی سرپرستی کر رہا ہے۔  گزشتہ روز پاکستانی سفارتکار محمد راشد  نے سلامتی کونسل میں بھارت کا گھنائونا کردار بے نقاب کرتے ہوئے عالمی اداروں کو باور کرایا کہ بھارت ہی  پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کا سہولت کار ہے جس کے ٹھوس ثبوت بارہا عالمی اداروں اور قیادتوں کو ڈوزیئر کی صورت میں فراہم کئے جا چکے ہیں۔  اب یہ عالمی قیادتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عالمی اور علاقائی امن کیلئے بھارت کے جنونی ہاتھوں کو روکیں اور بالخصوص کشمیری عوام کو منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کروا کر بھارت کے خونی پنجے سے آزادی دلائیں۔

مزیدخبریں