اسلام؍ کوئٹہ ؍ واشنگٹن (خبر نگار+ بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) قومی ادارہ برائے صحت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں کرونا کے 21ہزار 315ٹیسٹ کئے گئے۔ کرونا کے 599مریض رپورٹ ہوئے۔ مثبت کیسز کی شرح 2.81فیصد رہی۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کے 170مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ جبکہ کرونا سے تین افراد جاں بحق ہوئے۔ قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق ملک بھر میں کرونا کیسز کی سب سے زیادہ شرح حیدرآباد میں ریکارڈ کی گئی۔ حیدرآباد میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کیسز کی شرح 36.84فیصد تک جا پہنچی۔ لاہور میں 5.86فیصد، گلگت میں شرح 4.47فیصد، پشاور میں کیسز کی شرح 2.84فیصد، کراچی میں کرونا کیسز کی شرح 2.87 فیصد، مردان میں 3.33فیصد، اسلام آباد میں 1.88فیصد، نوشہرہ میں 5.00فیصد، فیصل آباد میں 2.07فیصد، صوابی میں 25.00فیصد، سرگودھا میں کرونا کی شرح 1.14فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ بلوچستان میں مثبت کیسز کی شرح 3.26 فیصد رہی۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر انڈیا سے آنے والے مسافروں کی کرونا کے حوالے سے سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ انڈیا میں کووڈ کے ذیلی سب ویرینٹ اومیکرون BA275 کے کیسز میں اچانک اضافے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔ ادھر امریکی صدر جوبائیڈن کرونا کا شکار ہو گئے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جوبائیڈن کرونا کا شکار ہو گئے انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔