عمران کو گرفتار کیا جا ئے ، وزیر اعظم غیر ضروری شرافت دکھا رہے: فضل الرحمن 

Jul 22, 2022


بنوں (نیٹ نیوز) فضل الرحمن نے کہا ہے کہ شہباز شریف غیر ضروری شرافت دکھا رہے ہیں۔ رانا ثناء اللہ کو حرکت میں لانا چاہیے۔ عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے حکومت سے کہا ہے اگر وہ پاکستان کے معززین کو جیلوں میں ٹھونستے ہیں تو اس کو بھی ڈالا جائے، اس کے خلاف اتنے بڑے بڑے کیسز پڑے ہیں، عمران خان اپنی حدود میں رہو، جمعیت علما ابھی زندہ ہیں۔ ہم آپ کے لیے زمین اتنی گرم کردیں گے کہ یوتھیوں کے نرم تلوے اس پر نہیں رکھے جاسکیں گے، تمہاری چھوٹی چھوٹی تتلیوں کے پر اس گرمی کو برداشت نہیں کر سکیں گے۔ قانون بنانے کا حق پارلیمنٹ کو ہے عدالت کو نہیں۔  باجوڑ میں ایک سال کے اندر 16 علماء شہید کیے گئے، قیام امن کے دعووں کے باوجود ان حالات سے کیوں دوچار ہیں، امن کے مذاکرات بھی ہو رہے ہیں اور اس دوران ہمارا خون بھی بہہ رہا ہے، ہمیں بتایا جائے ہمارا قاتل کون ہے۔ ہر شہری کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، ہم اداروں کو طاقت ور دیکھنا چاہتے ہیں، ایک سکول بند ہوتا ہے تو کہتے ہیں تعلیم بند ہوگئی، دینی مدرسے کی کوئی قدر و قیمت نہیں؟۔  اتوار والے دن باقاعدہ صوبے میں مظاہرے ہوں گے۔ آج یہ کاغذ لہراتا ہے اور لوگ بیوقوفوں کی طرح اس کے پیچھے دوڑ رہے ہوتے ہیں، جن کے خلاف جہاد ہونا چاہیے وہ کہتا ہے جہاد لڑ رہا ہوں، یہ الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔ ضمنی الیکشن کے نتائج پر خوشی، جب پتا چلا فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے والا تو کہا الیکشن کمشن مستعفی ہوجائے۔ قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے، عدالت یہ حق نہیں چھین سکتی۔مہنگائی کا مجھے احساس ہے، پہلی میٹنگ میں کہا تھا قیمتیں مت بڑھاؤ، جب سب لوگوں نے ایک رائے دی تو میں اور نواز شریف بے بس ہوگئے تھے، کوئی شک نہیں مہنگائی روز بڑھ رہی ہے اور میں پریشان ہوں۔ ان حالات میں کرب کا شکار ہوں، عام آدمی کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔ عمران خان کے اردگرد پاگل اور بے وقوف جمع ہیں جو ایک احمق کے پیچھے دوڑ رہے ہیں۔ ہمیں پتہ ہے عمران خان کے پیچھے کون سی قوتیں ہیں۔ ہم تمہارے آقاؤں کو جانتے ہیں۔ یہ بھی تمہیں آقا نے پڑھایا ہے کہ مجھے گالی دیا کرو۔ پاکستان میں یہی سیاست چلتی ہے ۔ میں نے حکومت کو کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں ڈالا جائے۔ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ تاخیر کا شکار ہے۔

مزیدخبریں